حیدرآباد، عورت فاوٴنڈیشن کا پولیو مہم کے دوران لیڈی ہیلتھ ورکرز کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 20 دسمبر 2012 19:11

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔20دسمبر۔ 2012ء) عورت فاوٴنڈیشن کی جانب سے پولیو مہم کے دوران لیڈی ہیلتھ ورکرز کے قتل کے خلاف حیدرآباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، تفصیلات کے مطابق حیدرآباد پریس کلب کے سامنے کئے گئے احتجاجی مظاہرے میں شریک خواتین ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈز اٹھائے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف نعرے لگارہی تھیں، مظاہرین کا کہنا تھا کہ کراچی اور پشاور میں پولیو کے قطرے پلانے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز کے بہیمانہ قتل نے نہ صرف پاکستان کی سول سوسائٹی بلکہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کے کارکنوں کو صدمے سے دوچار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کے دوران ٹیموں پر حملے اور ہیلتھ ورکرز کی ہلاکتیں لمحہ فکریہ ہیں، ملک میں ہر شعبے کے لوگوں کو قتل کیا جارہا ہے اور اب اس ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ پولیو ٹیمیں بھی بن رہی ہیں لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ انسانیت کی فلاح کے لئے کام کرنے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے عبرتناک سزائیں دی جائیں۔

متعلقہ عنوان :