ملتان ، ہوائی فائرنگ کرکے پولیو ورکرز کوخوف زدہ کرنے کے واقعہ میں ملوث 3 نوجوانوں گرفتار

جمعرات 20 دسمبر 2012 22:59

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔20دسمبر۔ 2012ء) ملتان کے تھانہ نیوکی حدودمیں ہوائی فائرنگ کرکے پولیو ورکرز کوخوف زدہ کرنے کے واقعہ میں ملوث تین نوجوانوں کوگرفتارکرلیاگیا ، محکمہ صحت ملتان کے حکام کے مطابق ہوائی فائرنگ کا یہ واقعہ انسدادپولیو مہم کی سرگرمیوں کو متاثر کرنا نہیں بلکہ دوستوں کا آپس میں مذاق تھا تاہم پولیس کو ہوائی فائرنگ کرنے والے افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق 2لیڈی ہیلتھ ورکر نبیلہ اور آسیہ بیگم گزشتہ روز یونین کونسل نمبر 13 کے علاقے غوث پورہ،شاہ فیصل کالونی میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلارہی تھیں کہ ان سے تھوڑے فاصلے پر 3لڑکے ہاتھ میں بندوق تھامے ایک دوسرے سے مذاق کررہے تھے اور وہ جب ایک گھر سے پولیو کے قطرے پلا کر نکلیں تو اچانک ان کے قریب سے ہوائی فائرنگ کی گئی اور اس خوف سے وہ چیختی چلاتی دوڑ پڑیں اس واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعدضلعی پولیس ومحکمہ صحت ملتان کے افسران موقع پر پہنچ گئے اور حالات و واقعات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

لیڈ ہیلتھ ورکر بیلہ اور آسیہ بیگم کے بیانات لئے توانہوں نے کہا کہ ہوائی فائرنگ ایک خالی پلاٹ کے اندر سے کی گئی ۔بعد ازاں پولیس نے ان کی اور اہل علاقہ کی نشاندہی پر علاقہ کے 3نوجوانوں کو گرفتار کرلیا اوران سے پوچھ گچھ کی گئی تو ان لڑکوں نے بتایا کہ وہ گلی کے اندر ایک پرانے باڑے کی جگہ پر موجود تھے اور اپنی بندوق صاف کررہے تھے۔ہم نے ہوائی فائرنگ ان لڑکیوں پر نہیں بلکہ ہمارا آپس کا مذاق تھا۔

لڑکوں نے یہ بھی بیان کیا کہ ہمارے گھر سے چند قدم کے فاصلے پر ہی ہیلتھ سنٹرہے اور وہ کافی عرصہ سے کام کررہا ہے اور پہلے کبھی ہمارے علاقے میں ایسا واقعہ پیش نہیں آیا۔بعدازاں پولیس نے اس گھر کا بھی سراغ لگالیا جس گھر کی وہ بندوق تھی۔اس بارے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ملتان ڈاکٹر شاہد محمود بخاری نے بتایا ہے کہ ہوائی فائرنگ کا یہ واقعہ پولیو ٹارگٹڈ نہیں تھا،واقعہ کی تمام تفصیلات تیار کرکے سیکرٹری صحت کو بھجوادی گئی ہیں کیونکہ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب کراچی اور پشاور میں پولیو ٹیموں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایاجا چکا ہے ۔

متعلقہ عنوان :