بلاول بھٹو نے پولیو ٹیم کے لواحقین کو معاوضے کے چیک دیئے

جمعہ 21 دسمبر 2012 17:58

کراچی (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔21دسمبر۔ 2012ء) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پولیو ٹیم کے ارکان کے لواحقین کو صدر مملکت او ر وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے اعلان کردہ معاوضے کی رقم کے چیک دیئے۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونیو الی تقریب میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وزیراعظم کی مشیر شہناز وزیرعلی، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عذرا پیچوہو، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سمیت دیگر موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری چیک دینے کے دوران آبدیدہ ہوگئے، انہوں نے کہا کہ وہ لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو ہرممکن طبی امداد فراہم کی جائے۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے صدر آصف علی زرداری کی جانب سے جاں بحق ہونے والی چار خواتین کے لواحقین کو فی کس پانچ لاکھ روپے اور وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے بھی پانچ پانچ لاکھ دیے جبکہ دو زخمیوں کو صدر کی جانب سے دو دو لاکھ اور وزیراعلیٰ سندھ کی جانب سے ایک ایک لاکھ روپے فی کس دیے گئے ۔