پاک بھارت کرکٹ معرکے سے قبل طبل جنگ بج گیا ‘انگلینڈ کو ہرانا ٹریلر ہے، پاکستان کو وائٹ واش کردیں گے، پاکستانی بالرز ہمارا سامنا نہیں کرسکتے ، مہندر ا سنگھ اور یوراج کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 21 دسمبر 2012 18:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔21دسمبر۔ 2012ء) پاک بھارت کرکٹ معرکے سے قبل ہی طبل جنگ بج گیا۔ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں کامیابی کے بعد ہی یوراج سنگھ، بھارتی ٹیم کے کپتان مہندراسنگھ دھونی اور گوتم گھمبیر نے پاکستان کو شکست دینے کے خواب دیکھنا شروع کردیئے ہیں۔انگلینڈ کے ہاتھوں چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز ہارنے والی بھارتی ٹیم نے گوروں کو ایک ٹی ٹوئنٹی کیا ہرایا کہ بھیگی بلی پھر سے شیر بننے کے خواب دیکھنے لگی اور کھلاڑیوں کے کل پرزے بھی نکل آئے۔

(جاری ہے)

تنازعات میں گھرے بھارتی کپتان دھونی کہتے ہیں کہ انگلینڈ کو ہرانا تو ٹریلر ہے پاکستان کو سیریز میں وائٹ واش کردیں گے۔ یوراج سنگھ بھی پہلے ٹی ٹوئنٹی میں شاندار کارکردگی دکھانے کے بعد پاکستانی باؤلنگ لائن پر گرجنے کے خواب دیکھ رہے ہیں کہتے ہیں پاکستانی بالرز میں ان کا سامنا کرنے کا دم نہیں ہے۔گوتم گھمبیر جو بھارت انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے بعد کپتانی کا سپنا دیکھ رہے تھے اب دھونی کے گن گا رہے ہیں انہوں نے کہاکہ کہ دھونی کی قیادت میں بھارتی ٹیم پاکستان کو ایک میچ بھی نہیں جیتنے دے گی۔