آئندہ انتخابات شفاف ہوں گے ،اتحادیوں کیساتھ مل کرحصہ لیں گے،حکومت اپنی مدت پوری کرے گی،سندھ کی عوام نے پیپلزپارٹی کو ہمیشہ کامیاب کیا، عوام گمراہ کرنے والوں کے ماضی سے واقف ہیں،پیپلزپارٹی عوام کوطاقت کاسرچشمہ سمجھتی ہے،وزراء اور اراکین اسمبلی انتخابات میں کامیابی اور پارٹی کو مزید فعال بنانے کیلئے عوام سے قریبی رابطے رکھیں،پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین صدر آصف علی زرداری کا پیپلزپارٹی سندھ کی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب

جمعہ 21 دسمبر 2012 21:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔21دسمبر۔ 2012ء) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات شفاف ہوں گے جس میں اتحادیوں کیساتھ مل کرحصہ لیں گے،حکومت اپنی مدت پوری کرے گی،سندھ کی عوام نے پیپلزپارٹی کو ہمیشہ کامیاب کیا، عوام گمراہ کرنے والوں کے ماضی سے واقف ہیں،پیپلزپارٹی عوام کوطاقت کاسرچشمہ سمجھتی ہے،وزراء اور اراکین اسمبلی انتخابات میں کامیابی اور پارٹی کو مزید فعال بنانے کیلئے عوام سے قریبی رابطے رکھیں۔

وہ جمعہ کو یہاں پیپلزپارٹی سندھ کی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔اجلاس میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ،صوبائی وزراء پیر مظہر الحق،آغا سراج درانی،مراد علی شاہ اور شرجیل میمن سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سندھ کی سیاسی صورتحال، اتحادی جماعتوں سے تعلقات،آئندہ عام انتخابات، پیپلزپارٹی کو مزید فعال بنانے سمیت دیگر اہم امورپر تبادلہ خیال کیاگیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے اپنے دور اقتدار میں عوام کی حقیقی خدمت کی مشکل حالات میں روزگار ،معاشی سیاسی استحکام کے لئے کام کیا۔انہون نے کہا کہ عام اتنخابات میں کاکردگی کی بنیاد پر جائیں گے ۔سندھ کی عوام نے پیپلزپارٹی کو ہمیشہ کامیاب کیا، عوام گمراہ کرنے والوں کے ماضی سے واقف ہیں،پیپلزپارٹی عوام کوطاقت کاسرچشمہ سمجھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات شفاف ہوں گے جس میں اتحادیوں کیساتھ مل کرحصہ لیں گے،حکومت اپنی مدت پوری کرے گی۔صدر نے کہاکہ مفاہمتی پالیسی کا تسلسل ہے کہ حکومت اپنی مدت پوری کررہی ہے،جمہوریت مستحکم کرنے کے لئے ساتھ دینے پر سیاسی جماعتوں کے مشکور ہیں۔صدر نے وزراء اور اراکین اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ انتخابات میں کامیابی اور پارٹی کو مزید فعال بنانے کے لئے عوام سے قریبی رابطہ رکھیں۔