پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انسداد پولیو مہم میں شہید اور زخمی ہیلتھ ورکرزکے لواحقین میں امدادی رقوم کے چیک تقسیم کئے، متاثرین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار

جمعہ 21 دسمبر 2012 21:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔21دسمبر۔ 2012ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ ایک سادہ مگر پروقار تقریب میں انسداد پولیو مہم کے دوران شہید اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین میں معاوضے کے چیک تقسیم کئے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عزرا افضل، فضل پیچوہو، شہناز وزیر علی، چیف سیکریٹری سندھ راجا محدم عباس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری (داخلہ) وسیم احمد، سیکریٹری صحت آفتاب احمد کھتری، کمشنر کراچی ہاشم رضا زیدی، پی ڈی پولیو مظہر خمیسانی و دیگر بھی موجود تھے۔

تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد انسداد پولیو مہم کے دوران جاں بحق ہونے والے ورکروں کے لئے فاتحہ پڑھی گئی جبکہ زخمی ورکروں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی گئی۔

(جاری ہے)

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے شہید ہونے والے ورکروں کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور دکھ کا اظہار کیا۔ بعد ازاں بلاول بھٹو زرداری نے شہید ورکروں کے ورثاء میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے پانچ پانچ لاکھ جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی جانب سے بھی پانچ پانچ لاکھ روپے معاوضے کے چیک تقسیم کئے۔

دو زخمی ورکروں کو بھی صدر مملکت آصف علی زرداری کی طرف سے دو دو لاکھ اور وزیر اعلیٰ سندھ کی طرف سے ایک ایک لاکھ روپے تقسیم کئے گئے۔ انسداد پولیو کے دوران جاں بحق ہونے والی خواتین ورکروں فہمیدہ، ماجدہ، مسمات نسیم اختر اور مسمات عمر فاروق کے قانونی ورثاء نے معاوضے کے چیک وصول کئے جبکہ زخمی ورکروں کو بھی معاوضے کے چیک دیئے گئے۔