کراچی ،فائرنگ کے واقعات میں 3 افراد جاں بحق ، خواجہ اجمیر نگری پولیس ہیڈ کوارٹر دستی بم حملے میں 7افراد زخمی ، دھماکے میں سات افراد زخمی ہوئے، دو کی حالت تشویش ناک ہے،زخمیوں کی مدد سے حملہ آوروں کے خاکے تیار کئے گئے ہیں، پولیس ہیڈ کوارٹر کے اطراف میں سیکورٹی سخت کردی گئی ہے ،زخمیوں کو طبی امداد کے لئے عباسی شہید ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ،ایس ایس پی نیوکراچی سید سلمان حسین کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 23 دسمبر 2012 13:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔23دسمبر۔ 2012ء) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 3 افراد جاں بحق جبکہ خواجہ اجمیر نگری پولیس ہیڈ کوارٹر پر دستی بم کے حملے میں 7افراد زخمی ہوگئے ۔اتوارکو پولیس کے مطابق خواجہ اجمیر نگری پولیس ہیڈ کوارٹرپر موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے دستی بم سے حملہ کیا جس کے پھٹنے سے محکمہ پولیس میں ملازمت کا فارم جمع کرانے کے لئے آنے والے سات افراد زخمی ہوگئے۔

ڈی ایس پی خواجہ اجمیر نگری ہیڈ کوارٹرشیر محمد کے مطابق خواجہ اجمیر نگری پولیس ہیڈ کوارٹر کے دروازے پر موٹر سائیکل سوار دو حملہ آوروں نے غلط سمت سے آتے ہوئے دستی بم پھینکا جس کے پھٹنے سے سات افراد زخمی ہوئے۔زخمی ہونے والے ساتوں افراد محکمہ پولیس میں بھرتی کے لئے فارم جمع کرانے آئے تھے۔

(جاری ہے)

لیکن خواجہ اجمیر نگری پولیس ہیڈ کوارٹر کا دروازہ نو بجے کھلتا ہے جس کی وجہ سے وہ باہر موجود تھے۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ حکام کے مطابق دستی بم روسی ساختہ ہے جس کا نمبر آرجی ڈی ون ہے اور دھماکے کے مقام سے ہینڈ گرینیڈ کے ٹکڑے اور پن بھی ملے ہیں۔ جائے وقوع کا دورہ کرتے ہوئے ایس ایس پی نیوکراچی سید سلمان حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے کے نتیجے میں سات افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو کی حالت تشویش ناک ہے۔زخمیوں کی مدد سے حملہ آوروں کے خاکے تیار کئے جارہے ہیں جبکہ پولیس ہیڈ کوارٹر کے اطراف میں پولیس کے اضافے اہل کاروں کو تعینات کردیا گیا ہے۔

زخمیوں کو طبی امداد کے لئے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا۔ رنچھوڑ لائن میں بس سٹاپ فائرنگ سے پولیس اہلکار محمد اسلم جاں بحق ہوگیا۔رات گئے گارڈن کے علاقے میں شو مارکیٹ کے قریب دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں عامر نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔ گولیمار کے کے علاقے نشتر کالونی سے ایک شخص کی لاش ملی جس کی شناخت نہیں کی جاسکی۔