ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ شہریوں کی اچھی تعلیم اور انکی اچھی صحت کے لیے رینجرز موٴثر اقدامات اٹھارہی ہے ،رواں سال کے دوران رینجرز کے زیراہتمام فری میڈیکل کیمپس میں 10 ہزار سے زائد بچوں،مردوں اور خواتین کو طبی سہولیات اور مفت ادویات فراہم کی گئی ہیں،میڈیکل کیمپ کا مقصد علاقہ مکینوں کو خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھنا اور انہیں اپنی صحت کی حفاظت سمیت بچوں کی بنیادی تعلیم اور اپنے حقوق سے آگاہ کرنا ہے ،23 ونگ کمانڈر کے کرنل محمد عمیر کی میڈیا کو بریفنگ

اتوار 23 دسمبر 2012 16:14

رحیم یارخان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔23دسمبر۔ 2012ء) 23 ونگ کمانڈر کے کرنل محمد عمیر نے کہا ہے کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ شہریوں کی اچھی تعلیم اور انکی اچھی صحت کے لیے بھی رینجرز موٴثر اقدامات اٹھارہی ہے ،رواں سال کے دوران رینجرز کے زیراہتمام فری میڈیکل کیمپس میں 10 ہزار سے زائد بچوں،مردوں اور خواتین کو طبی سہولیات اور مفت ادویات فراہم کی گئی ہیں۔

میڈیکل کیمپ کا مقصد علاقہ مکینوں کو خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھنا اور انہیں اپنی صحت کی حفاظت سمیت بچوں کی بنیادی تعلیم اور اپنے حقوق سے آگاہ کرنا ہے۔غریب اور مستحق افراد جو اپنے گھرکا خرچہ پورانہیں کرپاتے بیمارہونے پر سینکڑوں روپے کی ادویات خریدنے پر مجبور ہوتے ہیں ایسے افرادکو رینجرز میڈیکل کیمپ کے ذریعے مفت ادویات اور طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔

(جاری ہے)

ابوظہبی کالونی نمبر 5 میں رینجرز کے زیراہتمام میڈیکل کیمپ میں میڈیاکو بریفنگ کے دورا ن انہوں نے بتایاکہ پاکستان رینجرز ملکی سرحدوں کی حفاظت اپنا اولین فرض سمجھتی ہے مگر اس کے ساتھ ساتھ وہ ایسے علاقوں میں جہاں پر سرکاری تعلیمی ادارے یا طبی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں وہاں پر سکول بناکر انہیں معیاری اور سستی تعلیم فراہم کررہی ہے اور اس سلسلہ میں انہوں نے تحصیل خانپور ،تحصیل رحیم یارخان سمیت منٹھار میں بھی رینجرز پبلک سکول میں اپنی خدمات پیش کررہی ہے ۔

اسی طرح رینجرز کے زیراہتمام مختلف دیہی علاقوں میں بچوں،مردوں اور خواتین کی صحت کے حوالے سے انہیں آگاہی اور میڈیکل کیمپ منعقد کرکے انہیں طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہے۔اس موقع پر میڈیکل کیمپ میں موجود ڈاکٹر ممتاز کا کہناتھاکہ وہ مختلف علاقوں میں میڈیکل کیمپ کا انعقاد کرتے ہیں جہاں پر صبح آٹھ بجے سے چاربجے شام تک اڑھائی سو سے زائد مردوں،بچوں اور خواتین کو چیک کرکے انہیں ادویات فراہم کرتے ہیں اور کیمپ میں آنے والوں میں سب سے زیادہ تعداد بچوں اور خواتین کی ہے جن میں زیادہ تر نزلہ،زکام،کھانسی ،بخار اور جلدی امراض میں مبتلا افراد آتے ہیں جنہیں چیک اپ کے بعدمفت ادویات فراہم کردی جاتی ہیں۔

کیمپ کے انعقاد سے قبل علاقہ کی مساجد میں باقاعدہ اعلانات کرائے جاتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد طبی سہولیات سے استفادہ حاصل کرسکیں۔دریں ا ثناء انہوں نے بتایاکہ میڈیکل کیمپ میں میل ڈاکٹر کے ساتھ لیڈی ڈاکٹر کی بھی ڈیوٹی ہے جبکہ دیگر عملہ میں چارڈسپنسر ز بھی موجودہوتے ہیں ۔ میڈیکل کیمپ بارے بریفنگ کے دوران ڈی ایس آر محمد بوٹا ،محمد شوکت، محمدغضنفر ،محمد نجم ودیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :