Live Updates

آنے والے دنوں میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے اہم اور فیصلہ کن معرکہ ہوگا ، نوجوان خود کو تیاررکھیں،الیکشن خریدنے کے لئے چوری کا پیسہ چل رہا ہے ،سندھ میں متوسط طبقے کے ساتھ زیادتی عروج پر ہے صوبے میں تبدیلی کی زیادہ ضرورت ہے، آئندہ الیکشن میں نظریاتی لوگوں کا کرپٹ سیاست دانوں کے ساتھ مقابلہ ہوگا، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا حیدرآباد میں انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے تحت طلباء کنونشن سے خطاب

اتوار 23 دسمبر 2012 22:58

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔23دسمبر۔ 2012ء) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے اہم اور فیصلہ کن معرکہ ہوگا جس کے لئے نوجوان خود کو تیاررکھیں،الیکشن خریدنے کے لئے چوری کا پیسہ چل رہا ہے ۔ وہ اتوارکو حیدرآباد میں انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے تحت طلباء کنونشن سے خطاب کررہے تھے ۔

عمران خان نے کہا کہ ملک کی آمدنی 17 سو ارب جبکہ خرچہ 33 سو ارب روپے ہے، نیب کے مطابق پاکستان میں 4 ہزار ارب روپے ٹیکس چوری ہوتا ہے اگر ہم 4 ہزار ارب روپے جمع کریں تو پاکستان ایک امیر ملک بن سکتا ہے جس سے ہم فلاح و بہبود کے کاموں سمیت سرمایہ کاری کرسکتے ہیں مگر کرپشن اور ٹیکس چوری کا مسئلہ اس میں رکاوٹ ہے، انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن اس لئے بھی اہم ہیں کہ ان میں ملک کے نظریاتی لوگوں کا کرپٹ سیاست دانوں کے ساتھ مقابلہ ہوگا،سیاست دان دکھانے کے لئے لڑائی کریں گے لیکن اندر سے یہ سب ایک ہیں کیونکہ ان کے مفادات ایک ہیں، ملک پر قابض لوگ نہیں چاہتے کہ تبدیلی آئے کیونکہ ان کا پیسہ بیرون ممالک میں ہے اور وہ احتساب سے ڈرتے ہیں، عمران خان کا کہنا تھا کہ 70 فیصد اراکین اسمبلی ٹیکس نہیں دیتے اور یہ کبھی اقتدار نہیں چھوڑیں گے اور چوری کے پیسے سے الیکشن لڑیں گے اور الیکشن خریدنے کے لئے چوری کا پیسہ چل رہا ہے لیکن دیا کی تاریخ نے ثابت کیا ہے کہ جب بھی جنون اور مفادات کا مقابلہ ہوتا ہے تو کامیابی جنون کے حصے میں آتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو پارٹی اپنے اندر جمہوریت نہیں لاسکتی وہ ملک میں بھی جمہوریت قائم نہیں کرسکتی، ہم پہلی سیاسی پارٹی ہیں جو نوجوانوں کو موقع دے رہی ہے، دیگر پارٹیوں میں خاندانوں کی سیاست ہوتی ہے، تحریک انصاف نوجوان قیادت کو اوپر لے کر آئے گی، آئندہ انتخابات میں 25 فیصد ٹکٹ 35 سال سے کم عمر نوجوانوں کو دے کر نیا پاکستان بنائیں گے، عمران خان نے کہا کہ سندھ میں سب سے زیادہ ظلم کا نظام ہے، سندھ میں متوسط طبقے کے ساتھ زیادتی عروج پر ہے اس لئے سندھ میں تبدیلی کی زیادہ ضرورت ہے، اگلے چار پانچ ماہ میں فیصلہ کن میچ ہونے والا ہے، اس لئے کارکن آگ کی طرح پھیل جائیں اور پھر یہ سونامی پشاور سے شروع ہوکر کراچی تک پہنچے گی
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات