پنجاب میں 15 جنوری سے ڈینگی کے تدارک کی بھرپور مہم شروع کرنے کا فیصلہ،وزیراعلیٰ نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری خضرحیات گوندل کی سربراہی میں خصوصی نگران کمیٹی کی تشکیل دیدی،سیکرٹری بلدیات‘ سیکرٹری صحت‘ سیکرٹری زراعت اور کمشنر لاہور خصوصی نگران کمیٹی ممبر ہوں گے،تمام ٹاؤنز و تحصیل ایڈمنسٹریٹرز اور میونسپل افسران کو 15 جنوری تک ڈینگی پلان پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت

پیر 24 دسمبر 2012 19:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔24دسمبر۔ 2012ء) پنجاب حکومت نے 15 جنوری سے ڈینگی کے تدارک کے لئے بھرپور مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ڈینگی کے خلاف مہم کی نگرانی کے لئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب خضرحیات گوندل کی سربراہی میں ایک خصوصی نگران کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ سیکرٹری بلدیات‘ سیکرٹری صحت‘ سیکرٹری زراعت اور کمشنرلاہور ڈویژن خصوصی نگران کمیٹی کے ممبر ہوں گے۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت نے صوبہ بھر کی ٹاؤنز اور تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشنز کو ڈینگی کے تدارک اور اس کی روک تھام کے لئے ایک مربوط ڈینگی پلان ارسال کر دیا ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب خضرحیات گوندل نے پنجاب کے تمام ٹاؤن و تحصیل ایڈمنسٹریٹرز اور ٹاؤن و تحصیل میونسپل افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ 15جنوری 2013ء تک پنجاب حکومت کے ارسال کردہ ڈینگی پلان پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی قائم کردہ خصوصی نگران کمیٹی پنجاب بھر کے ٹاؤن و تحصیل ایڈمنسٹریٹرز اور میونسپل افسران کی کارکردگی کی مسلسل مانیٹرنگ کرے گی اور کوتاہی کے مرتکب افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :