ارسلان افتخار کیخلاف مقدمہ درج کرانے (کل) لندن روانہ ہوں گا، ملک ریاض سے مشاورت مکمل کرلی،پاکستانی عدالتوں سے انصاف ملتا تو لندن نہ جاتا ، ارسلان افتخار نے تمام جرائم لندن میں کئے، قانونی چارہ جوئی وہاں کریں گے،ملک ریاض کے وکیل ایڈووکیٹ زاہد بخاری کی میڈیاسے بات چیت

پیر 24 دسمبر 2012 20:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔24دسمبر۔ 2012ء) ملک ریاض کے وکیل ایڈووکیٹ زاہد بخاری نے کہا ہے کہ ارسلان افتخار کیخلاف برطانیہ میں مقدمہ درج کروانے کیلئے ملک ریاض سے مشاورت مکمل کرلی اور وہ اس سلسلے میں( کل)منگل کو برطانیہ روانہ ہوں جاوٴں گا ،پاکستانی عدالتوں سے انصاف ملتا تو لندن نہ جاتا ، ارسلان افتخار نے تمام جرائم لندن میں کئے، قانونی چارہ جوئی وہاں کریں گے ۔

وہ پیرکولاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

زاہد بخاری نے کہا کہ سپریم کورٹ نے قرار دیا تھا کہ ڈاکٹرارسلان اور ملک ریاض کا معاملہ دو فریقین کے درمیان ہے۔ وہ ایک دوسرے کے خلاف قانونی کارروائی کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ملک ریاض سے مشاورت کے بعد لندن روانہ ہو رہے ہیں جہاں برطانیہ کے وکلا سے مشورہ کریں گے جس کے بعد ڈاکٹر ارسلان کے خلاف دیوانی یا فوجداری مقدمہ دائر کیا جائے گا۔ایک سوال کے جواب میں زاہد بخاری نے کہا کہ فریقین کے درمیان معاملہ طے پانے کا تاثر غلط ہے۔ ڈاکٹر ارسلان نے مفادات برطانیہ میں حاصل کیے تھے اس لئے وہاں کی عدالتوں سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔