رحمن ملک کی مزار قائد پرحاضری، پھول چڑھائے و فاتحہ پڑھی، کراچی میں نئی حلقہ بندیوں بارے عدالتی فیصلے کا انتظار کرنا ہو گا ، ملک کو بہت سے چیلنجز درپیش ہیں ، الیکشن وقت پر ہونگے ، انسداد پولیو مہم کے ورکرز پر منصوبے کے تحت حملے کرائے گئے ، دہشت گرد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں ،وفاقی وزیر داخلہ کی میڈیاسے بات چیت

منگل 25 دسمبر 2012 19:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔25دسمبر۔ 2012ء) وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کہ کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے عدالتی فیصلے کا انتظار کرنا ہو گا اس پر زیادہ بات نہیں کرسکتا ، ملک کو بہت سے چیلنجز درپیش ہیں ، الیکشن وقت پر ہونگے ، انسداد پولیو مہم کے ورکرز پر منصوبے کے تحت حملے کرائے گئے ، دہشت گرد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں ، عوام کی طاقت سے دشمن منہ کی کھائیں گے ۔

وہ منگل کو یہاں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ وزیرداخلہ نے مزار قائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گرد ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں سب کو ملکر دہشتگردی کا مقابلہ کرنا ہو گا عوام کی طاقت سے دشمن منہ کی کھائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملک کو بہت سے چیلنجز پیش ہیں جس سے نٹمنے کیلئے سب کو مل کر کام کرناہو گا ۔

وزیرداخلہ نے کہاکہ الیکشن مقررہ وقت پر ہونگے ۔کراچی میں حلقہ بندیوں کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ حلقہ بندیوں کے معاملے پر عدالت کے فیصلے کا انتظارکرنا ہوگااس پر زیادہ بات نہیں کرونگا ۔ رحمن ملک نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے ورکرز پر منصوبے کے تحت حملے کرائے گئے دہشت گرد پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں انہیں کامیاب نہیں ہونے دینگے ۔