بشیر بلور کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، چیئر مین سینٹ سید نئیر حسین بخاری

منگل 25 دسمبر 2012 20:32

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔25دسمبر۔ 2012ء) چیئر مین سینٹ سید نئیر بخاری نے کہا ہے کہ بشیر بلور کا سانحہ ارتحال ،صوبہ ایک مدبر سیاست دان سے محروم ہو گیا ہے، دہشت گرد تخریبی کارروائیوں کے ذریعے ترقیاتی عمل کو روکنا چاہتے ہیں ۔ وہ منگل کو سینئر وزیر بشیر احمد بلور شہید کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کررہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ ایک طویل عرصے سے صوبہ خیبر پختونخواہ دہشت گردوں کی منفی سر گرمیوں کی وجہ سے خطرناک صورت حال سے دو چار ہے ۔ اس سے پہلے بھی ہزاروں بے گناہ قیمتی جانوں کاضیاع ہو چکا ہے لیکن ملک ایک مدبر،نڈر ، دین دوست ،منصف مزاج ،عوام کے بے لوث خدمت گار اور جراتمند سیاسی قائد سے محروم ہو گیا ہے ۔ بشیر احمد بلور شہید کی شہادت سے جو خلاء پیدا ہوا ہے وہ مدتوں پر نہیں ہوسکے گا وہ نہ صرف اپنے حلقہ انتخاب میں بلکہ پورے صوبے میں ہر دلعزیز لیڈر کی حیثیت سے پہچانے جاتے تھے بالخصوص پشاور کی تعمیر و ترقی میں انہوں نے گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں ۔

(جاری ہے)

اللہ تعالیٰ بشیر احمد بلور اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کو قبول فرمائیں اور پسماندگان کو اس نا قابل تلافی نقصان اور بڑے صدمے کو برداشت کرنے کی توفیق بخشے۔ انہوں نے کہا کہ شہید بشیر احمد بلور کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت کے حامی ہیں ۔ انہوں نے بشیر بلور کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دکھ کی اس گھڑی میں بلور خاندان اور اے این پی کے ساتھ ہے ۔

متعلقہ عنوان :