طبی تعلیم کے قواعد میں ترمیم‘میڈیکل فیکلٹی میں53 فیصد اسامیاں پر کرنے کا راستہ ہموار ہو گیا

جمعرات 27 دسمبر 2012 13:45

جموں(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔27دسمبر 2012ء) ریاستی سرکار نے ایک اہم پالیسی فیصلے میں میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں ترقیوں کے حوالے سے وضع شدہ قواعد و ضوابط میں نرمی لائی ہے۔اس حوالے سے بدھ کو ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایس آر او425جاری کیا گیا جس میں میڈیکل ایجوکیشن میں کام کر رہے گزیٹیڈ سروس ریکروٹمنٹ رولز 1979میں پروفیسروں ، ایسوسیٹ پروفیسروں اور اسسٹنٹ پروفیسروں کی ترقی کیلئے رولز میں نرمی کی گئی ہے۔

کمشنر سکریٹری ایم کے دیویدی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہوں نے ایک سال تک اس حوالے سے کوششیں کی تاکہ متعلقہ محکمے میں جو 53%جگہیں خالی پڑی ہیں انہیں پْر کیاجاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ قواعد و ضوابط میں نرمی لانے کے بعد ان جگہوں کو پْر کرنے میں مدد ملے گی جو اس وقت گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر جموں اور ریاست کے ڈینٹل کالجوں میں خالی پڑی ہیں۔

(جاری ہے)

قواعد و ضوابط میں جو ترمیم کی گئی ہے ا س کے مطابق پروفیسر کی اسامی کیلئے اب 13سال کی بجائے 9سال کی سروس رکھی گئی ہیں ، پروفیسر عہدے کیلئے ترقی دینے میں یہ لازمی قرار دیاگیا ہے کہ اس نے ایسوسیٹ پروفیسر کی اسامی پر 3سال تک اور اسسٹنٹ پروفیسر کی جگہ پر اسی مدت تک کام کیا ہو۔اس علاوہ بحیثیت لیکچرار 3سال تک کام کیا ہو۔پروفیسر کی اسامی کیلئے یہ لازمی قرار دیا گیا ہے کہ اس نے 4ریسرچ پبلکیشنز میڈیکل جنرلوں میں کئے ہوں۔

کمشنر نے بتایا کہ رولز میں نرمی لانے کے بعد میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو اعلیٰ عہدوں کیلئے ڈاکٹروں کی اسامیوں میں جو مشکلات پیدا ہو گئیں تھی وہ دور ہوں گی۔اسوقت پروفیسروں کی 235جگہیں خالی ہیں جبکہ گزیٹیڈ کاڈر میں 441جگہیں خالی ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر میں سب سے زیادہ126جگہیں خالی ہیں اور میڈیکل کالج میں کل 221اسامیاں ہیں۔

یہاں 43پروفیسروں ، 31ایسوسیٹ پروفیسروں اور 52اسسٹنٹ پروفیسر وں کی اسامیاں خالی پڑی ہیں۔ اسی طرح جمو ں میڈیکل کالج میں23پروفیسر وں ، 14ایسوسیٹ پروفیسروں اور 28اسسٹنٹ پروفیسروں کی اسامیاں خالی پڑی ہیں۔ اس سے بدتر صورتحال ریاست کے دو ڈینٹل کالجوں میں ہے۔سرینگر ڈینٹل کالج میں 9کی بجائے ایک پروفیسر کام کر رہا ہے۔9کی بجائے تین ایسوسیٹ پروفیسر ہیں اور گیارہ کی بجائے تین اسسٹنٹ پروفیسر ہیں۔جموں ڈینٹل کالج میں تمام 9پروفیسر کی جگہیں خالی ہیں اس کے علاوہ سات ایسوسیٹ پروفیسروں اور چھ اسسٹنٹ پروفیسروں کی اسامیاں بھی خالی ہیں۔نئے سرکیولر کے جاری ہونے کے بعد ریکرویمنٹ رولز کے تحت ان اسامیوں کو بہت جلد پورا کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :