شہر سلطان‘ زمینداروں کے تشدد سے 8بچوں کے باپ کی آنکھیں ضائع ہوگئیں ، نشترہسپتال میں ڈاکٹروں نے بینائی ضائع ہونے کی تصدیق کردی ‘ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مرکزی ملزم سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا

جمعرات 27 دسمبر 2012 15:22

شہر سلطان/ملتان ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔27دسمبر 2012ء ) زمینداروں کے تشدد سے 8بچوں کے باپ کی آنکھیں ضائع ہوگئیں ، نشترہسپتال میں ڈاکٹروں نے بینائی ضائع ہونے کی تصدیق کردی ‘ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مرکزی ملزم سمیت تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق مظفرگڑھ کے نواحی علاقے کوٹلہ سلطان شاہ تھانہ شہر سلطان کے رہائشی آٹھ بچوں کے باپ محمد بلال کو غلام فرید نامی زمیندار نے ساتھیوں کی مدد سے اپنے ڈیرے پر اٹھوا لیا اور بلال کو مبینہ طور پر وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور چھریوں کی نوک سے آنکھیں نکال دیں ۔

جس کے بعد زخمی محمد بلال کو نشتر ہسپتال ملتان داخل کر دیا گیا ہے ۔ آئی وارڈ میں داخل محمدبلال کاآپریشن کر کے اس کی بینڈیج کر دی گئی تاہم ڈاکٹروں کے مطابق بلال کی بینائی ہمیشہ کے لئے ضائع ہو سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس تھانہ شہر سلطان نے سات ملزمان غلام فرید ، سجاد ، فیاض ، ریاض ، مشتاق ، سلیم اور ارشادکے خلاف زیر دفعہ 324,334,365,148,149مقدمہ درج کر لیا ہے اور مرکزی ملزم غلام فرید سمیت ریاض اور فیاض کو گرفتار کر لیا ہے ۔

ایف آئی آر کے مطابق زخمی بلال کے بھتیجے طارق نے سات آٹھ ماہ قبل ملزمان کی چار سالہ بچی اقرا کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھاجس کا مقدمہ درج ہوا تاہم ملزم کے خلاف کارروائی نہ ہوسکی تو بلال ان کو کہتا تھا کہ ہمارا کیا کر لیا ہے اس رنجش پر زمیندار غلام فرید نے بلال کو اٹھوا لیا اور چھری کی نوک سے ایک آنکھ غلام فرید جبکہ دوسری سجاد نے نکالی ۔

متعلقہ عنوان :