Live Updates

عوام کیلئے تعلیم اور صحت کی فراہمی تحریک انصاف حکومت کی پہلی ترجیح ہوگی، زرداری ملک کا بڑا مجرم ، اپوزیشن لیڈر چھوٹا مجرم ہے، لاقانونیت ، کرپشن کی وجہ سے ملک مجرموں کے لیے پناہ گاہ بن گیا ، نہ نواز شریف انتخابات جیت سکتے ہیں نہ زرداری نیا بلدیاتی نظام لا کر عوام کو بااختیار بنائیں گے، عمران خان کا کالا باغ، عیسیٰ خیل میں جلسوں سے خطاب

جمعرات 27 دسمبر 2012 20:29

کالا باغ /عیسیٰ خیل/بانگی خیل(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔27دسمبر۔ 2012ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے صدر زرداری کو ملک کا سب سے بڑا مجرم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لاقانونیت اور کرپشن کی وجہ سے ملک مجرموں کے لیے پناہ گاہ بن گیا ہے، قانون کی پاسداری صرف غریبوں کے لیے رہ گئی ہے ، نواز شریف اور زرداری عوام کو بیوقوف بنانے کے لیے جعلی لڑائی کر رہے ہیں ، آئندہ انتخابات نہ نواز شریف جیت سکتے ہیں نہ زرداری ، ارکان اسمبلی کی اکثریت ناخواندہ ہے اور وہ اپنا نام تک لکھنا نہیں جانتے مگر اقتدار پر قابض ہیں ، ہم نئے بلدیاتی نظام کے ذریعے عوام کو بااختیار بنائیں گے ، انھیں خود اس بات کا فیصلہ کرنے دیں گے کہ مختلف ترقیاتی منصوبہ جات کے فنڈز کی رقم ان کی مرضی سے خرچ کرسکیں ، تھانوں سے ظلم کا کلچر ختم کرینگے، پولیس میں تقرریاں اراکین اسمبلی اور وزراء نہیں کر اسکیں گے،پولیس سے بھی انصاف کرینگے عوام سے بھی کرپشن کا نظام ختم کرکے انصاف کا نظام متعارف کرائینگے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار عمران خان نے جمعرات کے روز میانوالی میں مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ عمران خان کے ہمراہ عائلہ ملک ، نواب آف کالا باغ ملک امیر محمد خان اور انعام اللہ نیازی نے بھی جلسوں سے خطاب کیا ۔ عمران خان نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی بدامنی ، لاقانونیت اور بیروزگاری سے نمنٹنے میں حکومت اپنی پالیسیوں کی وجہ سے ناکام ہو چکی ہے ، ملک کا سب سے بڑا مجرم صدر زرداری ہے اور اس سے چھوٹا مجرم اپوزیشن لیڈر ہے ۔

عمران خان کا کہناتھا کہ نواز شریف اور زرداری کا باطن ایک ہے، ان کا مقصد عوام کو بے وقوف بنانے سے زیادہ اور کچھ نہیں ۔انھوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے مسلسل ملکی ذخائر میں کمی ہو رہی ہے ، ان دونوں لیڈروں کے بیرون ملک اثاثوں اور جائیدادوں میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ عوام بتدریج غریب ہورہے ہیں ، ایک سیاست دان چھپ کر اور دوسرا سرعام بدعنوانی کر رہا ہے ۔

عمران خان نے کہاکہ آئندہ انتخابات فیصلہ کن ثابت ہوں گے اور عوام چور اور لٹیروں کو عبرتناک انجام سے دوچار کرینگے ۔ تحریک انصاف کا سونامی زرداری ، نواز شریف اوران کے اتحادیوں کو بہا کر لے جائے گا ۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی مگر مچھ بے شک ایک طرف ہوں لیکن میرے پاس نوجوانوں کی طاقت ہے جس سے نئے پاکستان کے مستقبل کا تعین ممکن ہو سکے گا ۔

ہم برسر اقتدار آکر تعلیم کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرینگے، نظریات اور مفادات کی جنگ میں نظریات کی فتح ہو گی ، عمران خان نے کہا کہ ہمارا مقابلہ دونوں سیاست دانوں کے ساتھ ہو گا ۔ جنون اور پیسے کی جنگ میں جنون کی جیت ہو گی اور ایسا میچ ہو گا کہ پرانے سب قا ئدین آؤٹ ہو جائیں گے ۔ عمران خان نے کہا کہ جب تک دیانت دار حکومت نہیں آئے گی تب تک عوام کی حالت نہیں بدلے گی ، گذشتہ پانچ سال میں سو روپے کی قیمت ساٹھ روپے کے برابر رہ گئی ہے ، حکمرانوں کی کرپشن نے عوام کو بے حال کر دیا ہے ۔

اب تبدیلی کا وقت ہے جس کے لیے نوجوان پاکستان تحریک انصاف کا ساتھ دیں گے ۔ ہمارا سونامی ملک سے ظالمانہ اور غلامانہ نظام کا خاتمہ کر دے گا اور ایک نئے دور کا آغاز ہو گا ۔تحریک انصاف کے چیئرمین نے ن لیگ کی صرف لاہور اور رائے ونڈ کو اہمیت دینے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عوام کو بھیڑ بکریاں سمجھتے ہیں اور پنجاب کا پورا بجٹ صرف لاہور اور رائے ونڈ پر خرچ کرنے کا تہیہ کیے ہوئے ہیں ۔

انھوں نے دعوی ٰکیا کہ شہباز شریف لاہور میں ایک بائیس کلومیٹر کی سٹرک پر ستر ارب کی کیثر رقم خرچ کر ہے ہیں جبکہ وہ پورے میانوالی کا نقشہ صرف دس ارب میں تبدیل کر سکتے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتی،عمران خان نے اس موقع پر بانگی خیل کی سرکردہ شخصیت اقبال خٹک کی اپنے ہزاروں ساتھیوں اور مخدوم آف بلوٹ شریف سید مرتجز شاہ کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے اعلان کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ان کی موجودگی پاکستان تحریک انصاف کی تقویت کا باعث ہو گی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات