لاہور میں گوجرانوالہ سے لائے گئے ٹائنو سیرپ سے متاثرہ مزید3مریض چل بسے،ہلاکتوں کی تعداد 20ہوگئی،وزیر اعلیٰ پنجاب نے کھانسی کے شربت سے ہلاکتوں کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی

جمعہ 28 دسمبر 2012 13:00

لاہور/گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔28دسمبر 2012ء ) لاہور میں گوجرانوالہ سے لائے گئے ٹائنو سیرپ سے متاثرہ مزید3مریض چل بسے جس کے بعد زہریلے شربت پینے سے پانچ روز میں ہلاکتوں کی تعداد 20ہو گئی۔وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کھانسی کے شربت سے ہلاکتوں کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ۔گوجرانوالہ سے رات گئے گیارہ مریضوں کو تشویشناک حالت میں میو ہسپتال لاہور میں منتقل کیا گیا جن میں سے 3 مریض دوران علاج چل بسے۔

اس سے پہلے گوجرانوالہ کے نندی پور ٹاوٴن کے سابق نائب ناظم عرفان لطیف کو بھی زہریلا سیرپ پینے سے حالت غیر ہونے پرہسپتال لایا گیاتاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ڈسٹرکٹ ہسپتال گوجرانوالہ میں زہریلے سیرپ سے متاثر ہ 30سے زائد افراد کو لایا گیا جن میں سے منیر ، بلال، عرفان ، سعید، ارشد، مبشر ، وسیم ، یوسف ، شفیق ، محمد زاہد ، رفیق ، اللہ وسایا جاں بحق ہو گئے۔

(جاری ہے)

ڈی ایچ کیو اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر انور امان اللہ کے مطابق 4روز میں مختلف علاقوں سے نشہ آور سیرپ اور نشہ آور گولیاں زیادہ مقدار میں استعمال کرنیوالے افراد کو اسپتال پہنچایا گیا جن میں سے15افراد جان سے گئے۔ مرنے والوں میں ندی پور ٹاؤن کے سابق نائب ناظم چوہدری عرفان بھی شامل ہیں ،5کو تشویش ناک حالت میں لاہور منتقل کردیاگیا ہے۔ زہریلے سیرپ سے ہلاکتوں کی خبر شہر میں پھیلنے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔انہوں نے حکومت پنجاب سے ذمہ دار افراد اور کمپنی مالکان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاہم کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود بھی پولیس اور محکمہ ہیلتھ کی جانب سے ابھی تک کوئی گرفتاری یا کارروائی عمل میں نہیں آ سکی۔