پیپلز پارٹی نے ہردور میں عوام کے حقوق کیلئے آمروں سے لڑائی لڑی ‘ اقتدار عوامی خدمت کا سب سے بڑا ذریعہ ہے ‘ مسائل کا حل ہماری ذمہ داری ہے کسی پر کوئی احسان نہیں ‘ کارکردگی کی بنیاد پر عوام پیپلز پارٹی کو دوبارہ اقتدار میں لائیں گے‘ بلاول بھٹو زرداری کارکنوں کے دلوں کی آواز ہے ‘جنوری میں آزاد کشمیر کے قیمتی پتھروں کی بین الاقوامی نمائش کروائیں گے، وزیر صحت عامہ و قدرتی وسائل سردار قمر الزمان کی صحافیوں سے بات چیت

جمعہ 28 دسمبر 2012 13:20

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔28دسمبر 2012ء) وزیر صحت عامہ و قدرتی وسائل سردار قمر الزمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہردور میں آمروں کے خلاف لڑائی لڑی ، اقتدار عوامی خدمت کا سب سے بڑا ذریعہ مسائل کا حل ہماری ذمہ داری کسی پر کوئی احسان نہیں ، کارکردگی کی بنیاد پر عوام پیپلز پارٹی کو دوبارہ اقتدار میں لائیں گے‘ بلاول بھٹو زرداری کارکنوں کے دلوں کی آواز ہے ‘ پارٹی کو نیا جوش اور ولولہ ملے گا ، جنوری میں آزاد کشمیر کے قیمتی پتھروں کی بین الاقوامی نمائش کروائیں گے ۔

وہ جمعہ کو یہاں صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں پیپلزپارٹی اور حلیف جماعتوں کی حکومت نے بکھرے ہوئے پاکستان کو نہ صرف یکجا کیا بلکہ عالمی سطح پر کھوئی ہوئی ساکھ کو دوبارہ بحال بھی کیا ، جمہوریت کے تسلسل سے مسائل حل ہو رہے ہیں ، آمروں کو عوامی مسائل کے حل سے کوئی غرض نہیں ہوتی سیاستدان ہی ملک کو بہتر طریقے سے چلا سکتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا خطاب پاکستان کے عوام کے جذبات کی ترجمانی تھا انہوں نے کہا کہ محترمہ شہید کے افکار اور نظریات ہمارے لئے مشعل راہ ہیں جن پر چلتے ہوئے ملک اور قوم کیلئے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے گریز نہیں کیا جائے گا ، آزاد کشمیر کے اندر ہمیں خالی خزانے کے ساتھ اقتدار ملا ، وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون سے ہم نے 1 سال میں وہ کام کئے ہیں جو سابقہ حکومتیں 20 سالوں میں بھی نہیں کرسکیں ، تعلیم پیکج کی طرح ہیلتھ پیکج بھی تاریخی ہے جسے عوام پیپلز پارٹی کے بڑے کارناموں میں ہمیشہ یاد رکھیں گے ، سردار قمر الزمان خان نے کہاکہ ہم حلال کرکے کھانے کے عادی ہیں ، اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے مخلوق خدا کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ عوام ہمیشہ کی طرح آمدہ انتخابات میں بھی کارکردگی کی بنیاد پر پیپلز پارٹی کو اقتدار میں لائیں گے۔