زہریلا کھانسی کا شربت پینے سے مزید 4 افراد جاں بحق، تعداد 33 ہوگئی

ہفتہ 29 دسمبر 2012 11:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29دسمبر 2012ء) کھانسی کا زہریلا سیرپ پینے سے گوجرانوالہ میں مزید 4 افراد جان کی بازی ہارگئے۔ پنجاب بھر مین مرنے والوں کی تعداد 33 ہوگئی۔ مہلک شربت نے کامونکی میں تین اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں دو افراد کی جان لے لی ۔ آج صبح ڈسٹرکٹ ہیڈ کورٹر ہسپتال گوجرانوالہ میں زیر علاج مزید 4 مریض دم توڑ گئے۔جس سے پنجاب بھر میں مرنے والے افراد کی تعداد 32 ہوگئی۔

ڈسٹرکٹ اسپتال گوجرانوالہ میں زہریلے سیرپ سے متاثرہ 30 سے زائد افراد کو لایا جاچکا ہے جن میں سے منیر، عرفان، سعید ، ارشد، مبشر ، وسیم ، یوسف ، شفیق، محمد زاہد ، رفیق ، اللہ وسایا، انور، اقبال ،انتظار ،اکبر علی ،چاند شہزاد اور مانت جاں بحق ہوگئے۔ زہریلے سیرپ سے ہلاکتوں کی خبر شہر میں پھیلنے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

(جاری ہے)

ادھر گوجرانوالہ میں اے ڈی سی جی صالح سعید کی سربراہی میں ایک گودام پر چھاپہ مارٹیم نے نشہ آور شربت کی ساڑھے سات ہزارسے زائد بوتلیں ضبط کرلیں اور گودام سیل کر کے ڈیلر کو گرفتار کر لیا۔

ضلع انتظامیہ کے حکم پر 11 چھاپہ مار ٹیموں نےسیرپ کے ہول سیل ڈیلرز اور میڈیکل اسٹوروں پر موجود تمام بوتلوں کو ضبط کر لیا۔ کامونکی میں بھی زہریلا سیرپ پینے سے تین افراد علی، عبدالقیوم اور علی حسن ہلا ک ہوگئے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں محنت کش عبدالرشید اور پندرہ سالہ علی نواز زہریلا سیرپ پینے سے جان کی بازی ہارگئے۔