پنجاب میں زہریلا کھانسی کا شربت پینے سے مزید 3 افراد جاں بحق، تعداد 33 ہوگئی، گوجرانوالہ میں گودام پر چھاپہ، نشہ آور شربت کی ساڑھے سات ہزارسے زائد بوتلیں ضبط ، گودام سیل، ڈیلر کو گرفتار

ہفتہ 29 دسمبر 2012 13:41

گوجرانوالہ/ کامونکی /ٹوبہ ٹیک سنگھ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔29دسمبر 2012ء ) گوجرانوالہ میں کھانسی کا زہریلا سیرپ پینے سے مزید 3 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعدپنجاب بھر میں مرنے والوں کی تعداد33 ہوگئی۔ مہلک شربت نے کامونکی میں تین اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 2 افراد کی جان لے لی۔ گوجرانوالہ میں اے ڈی سی جی صالح سعید کی سربراہی میں ایک گودام پر چھاپہ مارٹیم نے نشہ آور شربت کی ساڑھے سات ہزارسے زائد بوتلیں ضبط کرلیں اور گودام سیل کر کے ڈیلر کو گرفتار کرلیا۔

ہفتہ کی صبح ڈسٹرکٹ ہیڈ کورٹر ہسپتال گوجرانوالہ میں زیر علاج مزید 3 مریض دم توڑ گئے۔جس سے پنجاب بھر میں مرنے والے افراد کی تعداد 33 ہوگئی۔ ڈسٹرکٹ اسپتال گوجرانوالہ میں زہریلے سیرپ سے متاثرہ 30 سے زائد افراد کو لایا جاچکا ہے جن میں سے منیر، عرفان، سعید ، ارشد، مبشر ، وسیم ، یوسف ، شفیق، محمد زاہد ، رفیق ، اللہ وسایا، انور، اقبال ،انتظار ،اکبر علی ،چاند شہزاد اور مانت جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

زہریلے سیرپ سے ہلاکتوں کی خبر شہر میں پھیلنے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ادھر گوجرانوالہ میں اے ڈی سی جی صالح سعید کی سربراہی میں ایک گودام پر چھاپہ مارٹیم نے نشہ آور شربت کی ساڑھے سات ہزارسے زائد بوتلیں ضبط کرلیں اور گودام سیل کر کے ڈیلر کو گرفتار کر لیا۔ ضلع انتظامیہ کے حکم پر 11 چھاپہ مار ٹیموں نے سیرپ کے ہول سیل ڈیلرز اور میڈیکل اسٹوروں پر موجود تمام بوتلوں کو ضبط کر لیا۔ کامونکی میں بھی زہریلا سیرپ پینے سے 3 افراد علی، عبدالقیوم اور علی حسن جاں بحق ہوگئے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں محنت کش عبدالرشید اور پندرہ سالہ علی نواز زہریلا سیرپ پینے سے جان کی بازی ہارگئے۔

متعلقہ عنوان :