منفی پروپیگنڈا دم توڑ چکا ،عوام نے پیپلزپارٹی کے حق میں فیصلہ دیدیا ، 27 دسمبر کے تاریخی جلسے سے پیپلز پارٹی کے مخالفین کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خطاب کو عوام اور عالمی میڈیا نے سراہا ہے، مسلم لیگ (ن) کی جانب سے تنقید اور الزام تراشیاں نئی بات نہیں، نوازشریف فوری طور پر آئی جے آئی والے پیسے قوم کو واپس کریں، آئندہ پنجاب میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی،وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 29 دسمبر 2012 13:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔29دسمبر 2012ء) وزیر اطلاعات سندھ اور پیپلز پارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ منفی پروپیگنڈا دم توڑ چکا ہے ،عوام نے پیپلزپارٹی کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے جس کا واضح ثبوت 27 دسمبر کو ہونے والا جلسہ تھا، 27 دسمبر کے تاریخی جلسے سے پیپلز پارٹی کے مخالفین کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں۔

ہفتے کے روز یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے خطاب کو عوام اور عالمی میڈیا نے سراہا ہے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری پاکستانی نوجوان نسل کیلئے امید کی کرن ہے، بلاول بھٹو ہی ملک کو مسائل سے نجات دلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے تنقید اور الزام تراشیاں نئی بات نہیں، مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نوازشریف فوری طور پر آئی جے آئی والے پیسے قوم کو واپس کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈکٹیٹر سے معاہدے کرنے والوں کی کیا گارنٹی ہے کہ وہ عوام کو دھوکہ نہیں دیں گے ، انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی آئندہ اقتدار میں آکر نواز شریف سے قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس کرائے گی اور آئندہ پنجاب میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی۔