سیرپ کی تیاری کے لئے درآمد شدہ خام مال اورسیر پ کا تما م سٹاک فوری طور پر ضبط کر لیا جائے،وزیراعلی پنجاب کا ضبط شدہ سیرپ کے نمونے ٹیسٹ کے لئے فوری طور پربیرون ملک بھجوانے کا حکم،آفات قدرتی امرہیں ، ان کے بچاؤ اورروک تھام کے لئے احتیاطی تدابیر ہماری ذمہ داری ہے،ادویات کی تیاری سے لے کر تقسیم کے عمل تک چیک اینڈ بیلنس کا موثر نظام ہونا چاہئیے ، شہبازشریف کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 29 دسمبر 2012 19:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔29دسمبر۔ 2012ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے سیرپ کے باعث انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ سیرپ کی تیاری کے لئے درآمد شدہ خام مال اورتیار شدہ سیرپ کا تمام سٹاک فوری طور پر ضبط کر لیا جائے اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے-وزیراعلی نے ضبط شدہ سیرپ کے نمونے فوری طور پر ٹیسٹ کے لئے بیرون ملک بھجوانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ برطانیہ کی معروف لیبارٹری کی رپورٹ کے بعد مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی-وزیراعلی نے یہ ہدایات ہفتہ کوڈل ٹاؤن میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں-جس میں لاہور اورگوجرانوالہ میں کھانسی کے سیرپ سے ہونے والی اموات کے اسباب کا تفصیلی جائزہ لیاگیا- معاون خصوصی برائے صحت خواجہ سلمان رفیق، ممبر صوبائی اسمبلی رانا محمد اقبال ،چیف سیکرٹری ، انسپکٹرجنرل پولیس، سیکرٹری صحت ، ڈی جی فرانزک لیب و صحت ،کمشنر گوجرانوالہ ،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی-چیئرمین وزیراعلی معائنہ ٹیم نے لاہو رمیں ہونے والی ہلاکتوں کے حوالے سے رپورٹ پیش کی-وزیراعلی محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مریضوں سے حاصل کئے گئے سیرپ کے نمونے مزید تصدیق کے لئے فوری طور پر بیرون ملک ٹیسٹ کے لئے بھجوائے جا رہے ہیں تا کہ اصل حقائق سامنے آ سکیں اور ذمہ داروں کا تعین ہو سکے-وزیراعلی نے چیف سیکرٹری کو ہدایت کی کہ درآمد شدہ خام مال اور سیرپ کا تمام سٹاک فوری طور پر ضبط کیا جائے اور چیف سیکرٹری درآمد شدہ خام مال اور سیرپ کے سٹاک کو اٹھانے کے عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کریں-انہوں نے کہاکہ آفات قدرتی امر ہیں تاہم ان سے بچاؤ اورروک تھام کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہماری ذمہ داری ہے-خام مال اور ادویات کی چیکنگ کا موثر میکنزم بے حد ضروری ہے-محکمہ صحت کو آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لئے اپنا موثر کردار ادا کرنا ہوگا-انہوں نے کہاکہ ادویات کی تیاری سے لے کر تقسیم کے عمل تک چیک اینڈ بیلنس کا موثر نظام ہوناچاہےئے-