قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کی وزارت مذہبی امور کو اغلاط سے پاک اور اعلیٰ معیار کے قرآن پاک کی طباعت یقینی بنانے کی ہدایت‘ قرآن کی اغلاط سے مبرا اشاعت (ترمیمی بل ) 2008 میں ترامیم کیلئے 3 رکنی کمیٹی کی تشکیل ‘ قائمہ کمیٹی کی حج 2012ء کے بہترین انتظامات پر خورشید شاہ کی ستائش

منگل 1 جنوری 2013 14:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 1جنوری2013ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے وزارت مذہبی امور کو اغلاط سے پاک اور پرنٹنگ کے اعلیٰ معیار کے مطابق قرآن پاک کی طباعت یقینی بنانے کی ہدایات کرتے ہوئے اس بارے پہلے سے موجود قانون کو مزید موثر بنانے کیلئے اغلاط سے مبرا قرآن کی اشاعت (ترمیمی بل ) 2008 پر سفارشات کی تیاری کیلئے ایم کیو ایم کے رکن ساجد احمد کی سربراہی میں تین رکنی ذیلی کمیٹی تشکیل دے دی ہے قائمہ کمیٹی نے حج 2012ء کے بہترین انتظامات پر وزیر مذہبی امور سید خورشید شاہ کی کارکردگی کی بھی ستائش کی ‘ مذہبی امور کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں کمیٹی کے چیئرمین مولانا محمد قاسم کی زیر صدارت منعقد ہوا اجلاس میں کمیٹی کے ارکان ساجد احمد‘ یاسمین رحمن‘ نواز خان الائی‘ جاوید اقبال وڑائچ‘ بلیغ الرحمن و دیگر نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں قران پاک کی طباعت و ریکارڈنگ اغلاط سے مبرا قران کی اشاعت ترمیمی بل 2008ء کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ارکان نے اس حوالے سے اپنی اپنی سفارشات اور تجاویز کمیٹی کو پیش کی چیئرمین کمیٹی مولانا محمد قاسم نے ارکان کی مشاورت سے فیصلہ کیا کہ بل پر مزید غور و خوص اور مشاورت کیلئے ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی جائے اس موقع پر ایف بی آر کے حکام نے کمیٹی کے سامنے یہ اعتراض اٹھایا کہ قرآن پاک کی طباعت کی آڑ میں کاغز درآمد کنندگان رعایت کا غلط فائدہ اٹھا سکتے ہیں کمیٹی نے اس اعتراض کو بلا جوا زقرار دیتے ہوئے قرار دیا کہ ناجائز کام کو روکنا ایف بی آر کی اپنی ذمہ داری ہے اس خدشہ کے پیش نظر قرآن پاک کی اچھے کاغذ پر طباعت کے عمل کو نہیں روکا جاسکتا۔

کمیٹی نے اس معاملے اور ترمیمی بل پر مزید سفارشات کے لئے ایم کیو ایم کے ساجد احمد کی سربراہی میں تین رکنی ذیلی کمیٹی تشکیل دی ہے کمیٹی کے چیئرمین اور ارکان نے حج 2012ء کے بہترین انتظامات کرنے پر وزیر مذہبی امور سید خورشید شاہ کی کاوشوں کو بھی سراہا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ آئندہ سالوں کے دوران وزارت حج انتظامات کو مزید بہتر بنائے گی اور ایئرلائنوں کو بھی پابند بنانے گی کہ وہ عازمین حج کو حجاز مقدس لے جانے اور واپس لانے کیلئے اپنے انتظامات ٹھیک کریں تاکہ حج فلائٹوں میں تاخیر کا بھی سدباب کیا جاسکے۔