پولیٹیکل انتظامیہ جنوبی وزیرستان نے پاسپورٹ ،قومی شناختی کارڈ ،ڈومیسائل اور دیگر دستاویزات کے اجراء کو پولیو کے قطروں سے مشروط کردیا ہے ، جن والدین نے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائے ہوں ان کو پاسپورٹ ،قومی شناختی کارڈ ،ڈومیسائل اور دیگر دستاویزات کا اجراء نہیں کیاجا ئے گاصرف پولیو قطرے پلانے والے والدین کو دستاویزات جاری ہونگی ،جنوبی وزیرستان ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ شاہداللہ خان کا اجلاس سے خطاب ، میڈیا سے بات چیت

منگل 1 جنوری 2013 20:50

جنوبی وزیرستان (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔1جنوری۔ 2013ء) جنوبی وزیرستان ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ شاہداللہ خان نے کہا ہے کہ پولیٹیکل انتظامیہ جنوبی وزیرستان نے پاسپورٹ ،قومی شناختی کارڈ ،ڈومیسائل اور دیگر دستاویزات کے اجراء کو پولیو کے قطروں سے مشروط کردیا ہے ، جن والدین نے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائے ہوں ان کو پاسپورٹ ،قومی شناختی کارڈ ،ڈومیسائل اور دیگر دستاویزات کا اجراء نہیں کیاجا ئے گا۔

اور جن والدین نے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے ہوں ان کو یہ دستاویزات جاری کئے جائیں گے ۔وہ منگل کو اپنے دفتر میں پولیو سے متعلق منعقدہ اجلاس سے خطاب اور بعد میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے ۔اجلاس میں ایڈیشنل پولیٹیکل ایجنٹ ثناوٴاللہ خان ،ایجنسی سرجن ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر ،یونیسف ،ڈبلیو ایچ اور دیگر اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

پولیٹیکل ایجنٹ شاہداللہ خان کا کہناتھا کہ پولیو ایک انتہائی خطرناک مرض ہے یہ جس بچے کو لگ جاتا ہے اسے ساری عمر کے لئے معذور کردیتا ہے۔بچے ہمارے مستقبل کا قیمتی سرمایہ ہے ۔اس لئے بچوں کو پولیو کے قطر ے پلانا نہایت ضروری ہے ۔تاکہ بچوں کو اس موذی مرض سے بچائے جاسکیں۔پولیٹیکل ایجنٹ کا کہناتھا کہ جنوبی وزیرستان ایجنسی میں تین روزہ پولیو مہم 14جنوری سے شروع ہوکر 16جنوری تک جاری رہے گا ۔

اس مہم کے دوران پانچ سال تک کے عمر کے بچو ں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔پولیٹیکل ایجنٹ کا کہناتھا کہ پولیومہم کو کامیاب بنانے کے لئے انھوں نے سخت اقدامات کئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاسپورٹ، قومی شناختی کارڈ اور ڈومیسائل سمیت تمام دستاویزات کو پولیو کے قطروں سے مشروط کردئے ہیں۔اور اس سلسلے میں انھوں نے باقائدہ احکامات بھی صادر کئے ہیں۔

ان کا کہناتھا کہ جن بچوں کے والدین نے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائے ہوں ۔ان کو پاسپورٹ، قومی شناختی کارڈ اور ڈومیسائل سمیت تمام سرکاری دستاویزات کا اجراء نہیں کیا جائے گا ۔اور جن والدین نے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے ہوں وہ پولیٹیکل انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ سرٹیفکیٹ کو دکھا کر مزکورہ دستاویزات کا اجراء کیا جائے گا ۔

قبائلی عمائدین کا کہناہے کہ پولیو کے قطرے پلانے کے لئے پاسپورٹ اور دیگر سرکاری اسناد کے اجراء کو روکنے سے پولیو کے مہم کا کامیاب کرانے میں اہم پیش رفت کر گی ۔کیونکہ جنوبی وزیرستان کے ہزاروں کی تعداد میں عرب اور دیگر ممالک میں محنت مزدوری کے لئے گئے ہیں۔جن کو پاسپورٹ ،قومی شناختی کارڈ اور ڈومیسائل سمیت دیگر سرکاری دستاویزات کی ہر وقت ضرورت ہوتی ہے۔اس پابندی کے بعد قبائلی عوام کوشش کریں گے کہ وپ اپنے بچوں کوپولیو کے قطرے بروقت پلائیں۔