قتل وغارت ، دہشتگردی و ٹائنو سیرپ سے ہلاکتیں ،ایم کیوایم نے علیحد ہ علیحدہ تحاریک التواء سینیٹ سیکرٹریٹ جمع کرا دیں،حکومت شدت پسندوں وبربریت کے اقدام اٹھانیوالوں کیخلاف منظم آپریشن کرے، کھانسی کے شربت میں غنودگی کی اضافی مقدار ملانا خطرناک ہے،قومی اہمیت کے معاملات کو باقی کارروائی معطل کرکے زیر بحث لایا جائے ،تحاریک التواء کامتن

بدھ 2 جنوری 2013 20:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔2جنوری۔ 2013ء) متحدہ قومی موومنٹ کے سینیٹر کرنل (ر) طاہر حسین مشہدی نے ملک میں قتل وغارت ، دہشت گردانہ حملوں اور ٹائنو سیرپ سے بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کے معاملے کو زیر بحث لانے کیلئے سینیٹ سیکرٹریٹ میں دو علیحدہ علیحدہ تحاریک التواء جمع کرا دیں ۔بدھ کو جمع کرائی گئی ایک تحریک التواء میں کہا گیا کہ ملک میں حالیہ تشدد اور بربریت کے واقعات باعث تشویش ہیں ،ان واقعات نے بشیر بلور جیسے اہم سیاست دان کی جان لے لی جبکہ مستونگ میں زائرین بسوں پر حملے ،صوابی میں این جی اوز کی گاڑی اور کراچی میں معصوم لوگوں کو بربرانہ حملے کئے جارہے ہیں ،ایسے اقدامات شرپسندوں کے ہیں ،حکومت شدت پسندوں ،عسکریت پسندوں اور شرپسندوں اور بربریت کے اقدام اٹھانے والوں کے خلاف منظم آپریشن کرے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسی تاریک قوتیں پاکستان کے خلاف لڑ رہی ہیں اور ان کا خاتمہ ضروری ہے اس لئے قومی اہمیت کے ان معاملات کو سینیٹ میں باقی کارروائی معطل کرکے فوری زیر بحث لایا جائے ۔انہوں نے جمع کرائی گئی دوسری تحریک التواء میں کہا کہ ٹائنو سیرپ سے لاہور اور گوجرانوالہ میں بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مینوفیکچررز کے ساتھ ساتھ وفاقی اور صوبائی صحت کے ادارے بھی اس میں برابر کے ذمہ دار ہیں ،شہریوں کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے ،خطرناک ادویات اور منشیات سے معصوم لوگوں کو تحفظ دینے کیلئے حکومت کو اقدامات اٹھانے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت خام مال استعمال کرنے والی فارما سوٹیکل فرزم کے خلاف اقدامات اٹھائے کیونکہ کھانسی کے شربت میں غنودگی کی اضافی مقدار ملانا خطرناک ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ گہری تشویش کا حامل ہے اس لئے اس معاملے کو ایوان میں زیر بحث لایا جائے ۔