پنجاب میں پہلا پانچ منزلہ شعبہ حادثات جنرل ہسپتال میں مکمل ۔ وزیر اعلی اگلے ہفتے افتتاح کریں گے ۔عمارت ہسپتال کے حوالے کر دی گئی ‘18کروڑروپے لاگت آئی ہے۔ وزیر مواصلات وتعمیرات

جمعرات 1 فروری 2007 15:38

لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین01فروری2007 ) وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی ماہ رواں کے دوسرے ہفتے میں لاہور جنرل ہسپتال کی پانچ منزلہ نئی ایمر جنسی کا افتتاح اور پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کی عمارت کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے ۔یہ بات صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات چوہدری ظہیر الدین خان نے لاہور جنرل ہسپتال کی نئی تعمیر ہونے والی ایمر جنسی کے معائنہ کے دوران کہی۔

اس موقع پر پرنسپل لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر سجاد حسین ، ایم ایس ڈاکٹر عطاء اللہ اعوان بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پی جی ایم آئی گذشتہ 30 سال سے میڈیکل کی تعلیم دے رہا ہے مگر اس کی اپنی عمارت نہ تھی۔ وزیر اعلی پنجاب نے صحت مند پنجاب پروگرام کے تحت پی جی ایم آئی کی سات منزلہ عمارت اور طلباء کے لئے 2 ہاسٹل تعمیر کرنے کی منظوری دی ہے جس پر ایک ارب 25 کروڑ روپے لاگت آئے گی ۔

(جاری ہے)

چوہدری ظہیر الدین نے کہا کہ نئی پانچ منزلہ ایمر جنسی کی بلڈنگ میں لفٹوں کی تنصیب مکمل ہو چکی ہے اور یہ عمارت ہسپتال کے حوالے کر دی گئی ہے جس میں علاج معالجہ کی جدید سہولیات ایک چھت کے نیچے دستیاب ہونگی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کی تعمیر پر18کروڑروپے لاگت آئی ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر نے مریضوں کے لواحقین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس علاقے کے لوگوں کو معیاری اور ماڈرن طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے ایل جی ایچ میں تین ارب روپے ترقیاتی سکیمو ں پر خرچ کر رہی ہے ۔

اہماری حکومت نعروں کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔پروفیسر ڈاکٹر سجاد حسین نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ کا پانچ غیر ملکی یونیورسٹیوں سے الحاق کیا جا رہا ہے جس سے پاکستانی ڈاکٹروں کو طب کے شعبہ میں ہونے والی جدید تحقیق سے آگاہی حاصل ہو گی اور تمام امراض کاعلاج پاکستان میں ہی ممکن ہو سکے گا ۔

متعلقہ عنوان :