چارسد ہ ، پولیو مہم کے تمام انتظامات دھرے کے دھرے رہ گئے،لیڈی ہیلتھ ورکرز اور ڈبیلو ایچ او کی ٹیموں کا فیلڈ جانے سے انکار ،ای ڈی ہیلتھ کی پولیو مہم سے انکار کرنے والے محکمہ صحت کے اہلکارو ں کے خلاف محکمانہ کاروائی ،ریونیو اور ایجوکیشن سٹاف کے ذریعے پولیو مہم جاری رکھنے کا انوکھا مذاق،ضلع بھر میں دفعہ 144اور اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی کارگر ثابت نہ ہوئی

جمعرات 3 جنوری 2013 19:41

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔3جنوری۔ 2013ء) چارسد ہ میں پولیو مہم کے حوالے سے تمام انتظامات دھرے کے دھرے رہ گئے ،لیڈی ہیلتھ ورکرز اور ڈبیلو ایچ او کی ٹیموں نے فیلڈ میں جانے سے انکار کردیا ، ای ڈی ہیلتھ نے پولیو مہم سے انکار کرنے والے محکمہ صحت کے اہلکارو ں کے خلاف محکمانہ کاروائی کی ہدایات جاری کر دی ،ریونیو اور ایجوکیشن سٹاف کے ذریعے پولیو مہم جاری رکھنے کا انوکھا مذاق،ضلع بھر میں دفعہ 144اور اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی بھی کارگر ثابت نہ ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ پولیومہم میں چارسدہ سمیت ملک کے بعض حصوں میں ناخوشگوار واقعات کے پیش نظر چارسدہ میں جمعرات سے شروع ہونیوالے پولیو مہم کے حوالے سے حصوصی خفاظتی اقدامات کئے گئے ۔ضلع بھر میں دفعہ 144 ،اسلحہ کی نمائش اور موٹر سائیکل کی سوار ی پر مکمل پابندی لگا دی گئی جبکہ پولیس کے ساتھ ساتھ ایف سی کو بھی طلب کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت نے چارسدہ کے پانچ یونین کونسلوں نستہ ، ڈھیری زرداد ، تولاندی ، اُتمانزئی اور شہری علاقے میں جمعرات کے دن سے انسداد پولیو مہم چلانے کا فیصلہ کیا تھا اور اس حوالے سے گزشتہ کئی دنوں سے ریاستی اداروں کے مابین انہتائی اہم نوعیت کے اجلاس بھی منعقد ہوئے تاکہ انسداد پولیو مہم کو ہر صورت میں پر امن طور پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے ۔

ڈپٹی کمشنر چارسدہ سید ظفر علی شاہ نے محکمہ ریونیو اور ایجوکیشن سٹاف کے سینکڑوں اہلکاروں کو بھی انسداد پولیو مہم ٹیموں کے ہمراہ لگانے کے احکامات جاری کئے تھے مگر انسداد پولیو مہم کے پہلے ہی دن چارسدہ ہسپتال میں اس وقت عجیب و غریب صورتحال پید ا ہوگئی جب لیڈی ہیلتھ ورکر ز نے انسداد پولیو ٹیموں کے ہمراہ نہ صرف فیلڈ میں جانے سے انکار کر دیا بلکہ تمام لیڈی ہیلتھ ورکرز ڈیوٹی سے بھی غیر حاضر رہے جبکہ دوسری طرف ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ذمہ دار حکام نے بھی چارسدہ آنے سے انکار کر دیا جس کی وجہ سے صبح 11بجے تک پولیو مہم کا آغاز نہ ہو سکا جس پر ای ڈی او ہیلتھ اور دیگر ذمہ دار حکام نے محکمہ ریونیو اور محکمہ تعلیم کے سینکڑوں اہلکارو ں کو انسداد پولیو مہم ٹیموں کا حصہ بنا کر انوکھا مذاق کیا ۔

ای ڈی او ڈاکٹر فضل اکبر نے چارسدہ یونین آف جرنلسٹس کے ٹیم کو بتایا کہ محکمہ ریونیو اور محکمہ تعلیم کے اہلکاروں پر مشتمل 55ٹیمیں چارسدہ کے پانچ یونین کونسل میں پولیو مہم چلارہی ہے اور ہر ٹیم کے پاس محکمہ صحت کا ایک ایک اہلکار بھی موجود ہے جبکہ ا س حوالے سے خیبرپختون خواہ میں مرکزی حکومت کے انسداد پولیو مہم کے کوآرڈنیٹر ڈاکٹر اکرام نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں مگر گزشتہ پولیو مہم میں ناخوشگوار واقعات کی وجہ سے لیڈی ہیلتھ ورکز ز میں شدید خوف و ہراس ہے جس کی وجہ سے غیر یقینی کی صورتحال پید ا ہوئی ہے۔

متعلقہ عنوان :