نوشہرہ ‘ وزیر گڑھی میں شہریوں نے مسائل حل نہ ہونے پر پولیو ٹیموں کوقطرے پلانے سے روک دیا، ڈپٹی کمشنرکا عمائدین سے مذاکرات کیلئے رابطہ ،وزیر گڑھی صوبائی وزیر اطلاعات کے حلقے میں ہے، علاقہ کے مسائل حل ہونے تک بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے نہیں پلانے دئیے جائیں گے،عمائدین

جمعہ 4 جنوری 2013 16:06

نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 4جنوری2013ء ) نوشہرہ کے علاقے وزیر گڑھی میں علاقے کے لوگوں نے مسائل حل نہ ہونے پرانسداد پولیو کی ٹیموں کو قطرے پلانے سے روک دیا۔وزیر گڑھی صوبائی وزیر اطلاعات میاں افتخار حسین کے حلقے کا گاؤں ہے۔ ڈپٹی کمشنر نوشہرہ نے وزیر گڑھی کے عمائدین سے مذاکرات کے لئے رابطہ کیا ہے۔ جمعہ کو پولیو ٹیموں کے رضاکاروں کو گاؤں کے عمائدین اور علمائے کرام نے کام سے روک دیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ علاقے کے بہت سے مسائل ہیں جب تک حکومت وہ حل نہیں کرے گی بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے نہیں پلانے دئیے جائیں گے۔ 19 دسمبر کو نوشہرہ کے ہی گاؤں میں پولیو ٹیم کی خواتین پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے بعد لیڈی ہیلتھ ورکرز نے ضلع میں قطرے پلانے سے انکار کر دیا تھا۔ حالیہ مہم میں اساتذہ اور رضاکا ر خواتین سے کام لیا جا رہا ہے۔ نوشہرہ کے ڈپٹی کمشنر نے وزیر گڑھی کے عمائدین سے مذاکرات کے لئے رابطہ کیا ہے۔