لانگ مارچ آسان کام نہیں، سردی بہت ہے ، لانگ مارچ کرنیوالوں کو نزلہ اور زکام کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو گا، الیکشن قریب ہیں تمام سیاسی جماعتیں تیاری کریں ، نگران حکومت کا قیام سب کی مشاورت سے ہو گا ، صاف و شفاف انتخابات کے عمل میں سب کی رائے لی جائے گی،گورنر پنجاب مخدوم احمد محمودکی منصورہ میں میڈیاسے بات چیت ، منور حسن سے قاضی حسین احمداورپروفیسرغفورکے انتقال پرتعزیت

پیر 7 جنوری 2013 21:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔7جنوری۔ 2013ء) گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے کہا ہے کہ لانگ مارچ آسان کام نہیں، سردی بہت ہے ، لانگ مارچ کرنیوالوں کو نزلہ اور زکام کے سوا کچھ حاصل نہیں ہو گا، الیکشن کی تیاری کا وقت ہے تمام سیاسی جماعتیں اس کی تیاری کریں ، نگران حکومت کا قیام سب کی مشاورت سے ہو گا اور صاف و شفاف انتخابات کے عمل میں بھی سب کی رائے لی جائے گی۔

پیرکو گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے امیر جماعت اسلامی سید منور حسن سے پیرکویہاں منصورہ میں ملاقات کی اور سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد اور جماعت اسلامی کے سابق نائب امیر پروفیسر غفور احمدکی وفات پر اظہار تعزیت کیا اور مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی۔اس دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے کہا کہ قاضی حسین احمد ایک دیانتدار ،ہر دلعزیز اور نڈر قومی رہنما تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اتحاد امت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پیدا کرنے کے لیے انتھک کوشش کی وہ عالمی سطح کے رہنما تھے۔بعدازاں میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود نے کہا کہ جماعت کے رہنماؤں کے ساتھ ان کی ملاقات پہلے سے طے تھی اس دوران قاضی حسین احمد کا انتقال ہو گیا اس سے پہلے پروفیسر غفور احمد کا بھی انتقال ہوا ہے میں نے ان دونوں رہنماؤں کی تعزیت کی ہے قاضی حسین احمد کی نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی بہت خدمات ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نہ صرف جماعت ہے بلکہ ایک انسٹی ٹیوشن بھی ہے جو اپنے کارکنوں کی ایسی تربیت کرتی ہے کہ اس کے کارکن دیانتدار اور ایماندار ہوتے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہاکہ انتخابات وقت پر ہوں گے سیاسی جماعتوں کو الیکشن کی تیاری کرنی چاہیے ۔طاہر القادری کے لانگ مارچ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں گورنر نے کہا کہ لانگ مارچ آسان کام نہیں ہے اور ان کے علم کی حد تک لانگ مارچ نہیں ہوگااگر ہوا بھی تو نزلہ زکام کے سوا کچھ نہیں ہو گا۔

اس موقع پرامیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب نے ہمیں یقین دہائی کرائی ہے کہ آئندہ انتخابات شفاف اور وقت پر ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ بجا طور پر آئندہ حکومت نیو ٹرل اور غیر متنازعہ ہونی چاہیے، اس میں کسی سیاسی جماعت کا نمائندہ نہیں ہونا چاہیے ۔ایک ایسی عبوری حکومت ہو جس پر سب کا اعتماد ہو۔ملاقات میں پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ ریاض اور عبدالقادر شاہین جبکہ جماعت اسلامی کی طرف سے لیاقت بلوچ،ڈاکٹر فرید احمد پراچہ،ڈاکٹر وسیم اختر ،امیر العظیم ،نذیر احمد جنجوعہ اورحافظ سلمان بٹ موجود تھے۔