پنجاب حکومت کی ہڑتالی ڈاکٹروں کیخلاف کارروائی، 45 کی پوسٹ گریجویٹ ٹریننگ منسوخ،اعزازیہ ہمیشہ کیلئے بند، ڈاکٹرز کے کورسز کی منسوخی کے لئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنس اور دیگر اداروں کو لیٹرز بھی جاری، آئندہ ہڑتال کرنے والے ڈاکٹرز کو نوکری سے فارغ کردیا جائے گا،محکمہ صحت پنجاب

بدھ 9 جنوری 2013 12:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 9جنوری 2013ء ) پنجاب حکومت نے ہڑتال میں حصہ لینے والے پنجاب بھر کے ڈاکٹروں کے خلاف تادیبی کارروائی کے دوسرے مرحلے میں 45 ہڑتالی پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز ٹریننگ منسوخ کرتے ہوئے ان کا ماہانہ اعزازیہ ہمیشہ کیلئے بند کردیا گیا۔محکمہ صحت پنجاب نے ڈاکٹرز کے کورسز کی منسوخی کے لئے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنس اور دیگر اداروں کو لیٹرز بھی جاری کر دیئے۔

ٹریننگ کی منسوخی کے بعد ڈاکٹرز ماہانہ 40 ہزار فی کس سے زائد اعزازیہ سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ صحت پنجاب کے نوٹیفکیشن کے مطابق ہڑتال کرنے والے45 پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹروں کا ماہانہ اعزازیہ ہمیشہ کے لئے بند کردیا گیا ہے جبکہ ایسے ڈاکٹرز کے کورسز کی منسوخی کیلئے بھی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنس کو خط لکھ دیا گیا ہے۔محکمہ صحت پنجاب کے مطابق آئندہ ہڑتال کرنے والے ڈاکٹرز کو نوکری سے فارغ کردیا جائے گا۔محکمہ صحت کے مطابق لازمی سروس ایکٹ کے تحت ہڑتال غیر قانونی ہوگی اور ہڑتال کرنے والے ڈاکٹروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ہڑتالی ڈاکٹرز کی فہرست مرتب کرلی گئی ہے اور چند روز میں ایسے ڈاکٹروں کے تبادلے متوقع ہیں۔

متعلقہ عنوان :