فاٹا میں تعلیم اورصحت کیساتھ ساتھ کھیلوں کا فروغ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے،گورنرخیبرپختونخوا بیرسٹرمسعودکوثرکاتقریب سے خطاب

بدھ 9 جنوری 2013 18:34

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔9جنوری۔2013ء) گورنرخیبرپختونخوا بیرسٹرمسعودکوثر نے کہاکہ فاٹا میں تعلیم اورصحت کیساتھ ساتھ کھیلوں کا فروغ بھی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں پنجاب نیشنل یوتھ فیسٹیول میں فاٹا سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کی شاندارکامیابی کے موقع پرمنعقدہ ایک اعزازی تقریب میں کیا۔

گورنرنے اس موقع پر شاندار کارکردگی دکھانے والے فاٹاکے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقدانعامات تقسیم کئے۔تقریب میں گورنرکوسیکرٹری سوشل سیکٹرفاٹا آفتاب درانی کی طرف سے دی جانے والی مختصربریفنگ میں بتایاگیاکہ پنجاب نیشنل یوتھ فیسٹیول 2012ء مردوں کے مقابلوں میں فاٹا نے فٹ بال میں چوتھی پوزیشن اور بیڈمنٹن ، ٹیبل ٹینس اورایتھلیٹکس میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔

(جاری ہے)

جبکہ خواتین کے مقابلوں میں فاٹا نے بیڈمنٹن اورٹیبل ٹینس میں چوتھی پوزیشن جبکہ ایتھلیکٹس میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ بریفنگ میں بتایاگیاکہ منعقدہ یوتھ فیسٹیول میں فاٹا نے پورے پاکستان میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر سیکرٹری لاء اینڈ آرڈر فاٹا، ڈائریکٹرسپورٹس اینڈیوتھ افیئرز فاٹا، مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی اور دوسرے متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے فاٹا کے ان نوجوان کھلاڑیوں کومبارکباددی جنہوں نے پنجاب نیشنل یوتھ فیسٹیول 2012ء میں شرکت کااعزاز حاصل کیا اورنمایاں کامیابیوں سے ہمکنار ہوئے۔ انہوں نے کھیل وثقافت کے حوالے سے اس قومی ایونٹ میں فاٹا کی نمائندگی بذات خود ایک بہت بڑی کامیابی قرار دی۔انہوں نے کہاکہ گذشتہ سال کراچی میں منعقدہ بین الاقوامی سطح کے کرکٹ مقابلے میں خیبرایجنسی کی کرکٹ ٹیم کی بے مثال کامیابی اورحال ہی میں اسلام آباد میں منعقدہ سارک سکاؤٹس میلے میں فاٹا کے ثقافتی دستے کی شرکت کے بعد پنجاب نیشنل یوتھ فیسٹیول میں آپ کی شرکت اورکامیابی اس حقیقت کاواضح ثبوت ہے کہ فاٹا میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔

گورنرنے مزید کہاکہ آگے بڑھیں اورکھیلوں کی سرگرمیوں کے ذریعے امن وبھائی چارے کے فروغ کے سفیربن جائیں، ترقی وخوشحالی کے پیامبر بن جائیں، خوشحال وترقیافتہ مستقبل کی نوید بن جائیں، یہی آپ کے بزرگوں کا خواب بھی ہے، یہی حکومت بھی چاہتی ہے اور اسی مقصد کیلئے ہم سب بھی سرگرم عمل ہیں۔ انہوں نے اس امرپربھی خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ فاٹا کے نوجوانوں نے کبھی مایوس نہیں کیا اور آپ کا مثبت کردار ہی میرے لئے حوصلے اور خوشی کاباعث ہے۔

انہوں نے کہاکہ جیت اور ہار کھیل کا لازمی حصہ ہے۔ لیکن قومی سطح پر نمائندگی کرنا بھی ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ گورنر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فاٹا کے عوام دوسرے قوموں سے کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں بلکہ اگر ان کو بھرپور مواقع فراہم کئے گئے تو یہ دنیا کی بہترین قوم ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں دنیا کو فاٹاکامثبت اورصحیح پہلو دکھانے چاہئیے تاکہ لوگوں کو قبائیلی عوام کی صلاحیتوں اوراعلی اقدار سے بھرپور تہذیب اور ثقافت کاعلم ہو۔