کوئٹہ میں دہشتگردی قابل مذمت ہے، حکومتیں اہل تشیع کی ٹارگٹ کلنگ روکنے میں ناکام ہوچکی ہیں ،کوئٹہ شہر فوج کے حوالے کیا جائے،جعفریہ سپریم کونسل آزادکشمیرکے صدر شبیر بخاری،ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ کفایت نقوی کی عبدالعلی ہزارہ سے ٹیلیفونک گفتگو

ہفتہ 12 جنوری 2013 21:51

اسلام آباد/کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔12جنوری۔2013ء) جعفریہ سپریم کونسل آزادکشمیرکے صدر سید شبیر حسین بخاری،ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ کفایت حسین نقوی اور جعفریہ سپریم کونسل کے سینئر نائب صدر سید فرید عباس نے کہاہے کہ کوئٹہ میں دہشتگردی قابل مذمت ہے حکومتیں اہل تشیع کی ٹارگٹ کلنگ روکنے میں ناکام ہوچکی ہیں کوئٹہ شہر فوج کے حوالے کیا جائے۔

وہ ہفتہ کو کوئٹہ کے عبدالعلی ہزارہ سے ٹیلیفونک گفتگو کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ایک عرصہ سے پاکستان میں اہل تشیع کا خون بہایا جارہا ہے لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی وفاقی وصوبائی حکومتیں اہل تشیع کا قتل عام روکنے میں ناکام ہوچکی ہیں دہشتگرد وں نے کوئٹہ میں جس بے دردی سے ایران وعرا ق جانے والے زائرین کا قتل عام کیا ہے اس کی تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی بلوچستان میں اہل تشیع کی جان ومال محفوظ نہیں دہشتگرد جب چاہتے ہیں دن دہاڑے معصوم شہریوں کو دہشتگردی کا نشانہ بنا دیتے ہیں انھیں کوئی بھی پوچھنے والانہیں ہے ہم متعدد بار اعلیٰ حکام سے مطالبہ کرچکے ہیں کہ شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کیلئے اقدامات کئے جائیں لیکن کوئی شنوائی نہیں ہورہی پاکستان میں سرعام معصوم شہریوں کا قتل عام ودہشتگردی کسی سازش کا نتیجہ لگتی ہے لیکن حکمران سازش بے نقاب کرنے اور عوام کو جان ومال کا تحفظ فراہم کرنے میں ناکام چکے ہیں سید شبیر حسین بخاری،علامہ کفایت نقوی اور علامہ فرید عباس نے صدر پاکستان آصف علی زرداری،وزیر اعظم راجہ پر ویز اشرف،آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کوئٹہ میں قتل ہونیوالے معصوم زائرین کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے اور خصوصا کوئٹہ شہر کو فوج کے حوالے کرکے اہل تشیع کمیونٹی کے جان ومال کو تحفظ فراہم کیا جائے ورنہ ہم کوئی بھی راست اقدام اٹھانے پر مجبور ہونگے۔