جیکب آباد، خسرہ کی تباہ کاریاں جاری، مزید دو بچیاں خسرہ کی نذر ہوگئیں، محکمہ صحت خسرہ پر قابو پانے میں مکمل ناکام

ہفتہ 12 جنوری 2013 21:52

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔12جنوری۔2013ء) جیکب آباد میں خسرہ کی تباہ کاریاں جاری، مزید دو بچیاں خسرہ کی نذر ہوگئیں، محکمہ صحت خسرہ پر قابو پانے میں مکمل ناکام، تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں خسرہ کی تباہ کاریاں بدستور جاری ہیں اور محکمہ صحت بیماری پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز جیکب آباد کے تحصیل ٹھل کے گاؤں منو سرکی میں ایک دو سالہ بچی اقرا دختر اسماعیل سرکی اور تحصیل گڑہی خیرو کے گاؤں آچر لہر میں تین سالہ بچی ثمینہ دختر نواب لہر جاں بحق ہو گئیں۔

جیکب آباد میں شہری علاقوں میں ویکسینیشن کا کام جاری ہے تاہم دیہی علاقوں میں ابھی تک موثر طریقے سے ٹیکے لگانے کا کام نہیں ہورہا۔ دیہی علاقوں کے لوگوں نے محکمہ صحت کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ صحت نے دیہی علاقوں کو مکمل طور پر نظرانداز کر دیا ہے اور بہت سے گاؤں ایسے ہیں جہاں اب بھی بچے خسرہ کا شکار ہو رہے ہیں لیکن محکمہ صحت کی جانب سے اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے۔ متاثرہ علاقوں کے لوگوں نے جلد سے جلد ٹیکہ مہم شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔