امریکہ میں زکام وبائی شکل اختیار کر گیا، رپورٹ، نیویارک میں صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ، ملک میں زکام کا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے ، وائرس کا شکار ہونے والوں میں ہر عمر اور طبقے کے افراد شامل ہیں،امریکی مرکز برائے انسداد امراض

منگل 15 جنوری 2013 14:21

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 15جنوری 2013ء ) امریکہ میں زکام کے وائرس کی وجہ سے پھیلنے والا مرض وبائی شکل اختیار کر گیا ہے، نیویارک میں صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔امریکی مرکز برائے انسداد امراض کے حکام کے مطابق ملک میں زکام کا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے جبکہ اس وائرس کا شکار ہونے والوں میں ہر عمر اور طبقے کے افراد شامل ہیں۔

(جاری ہے)

حکام کے مطابق اس وائرس سے صرف ’ہائی رسک‘ افراد ہی متاثر نہیں ہوئے بلکہ بیماری کا شکار ہونے والوں میں ایسے افراد بھی شامل ہیں، جنہیں عمومی حالات میں اس وائرس سے دوچار ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ہوتا۔امریکی ادارے سینٹر فار ڈیزیز کنڑول اینڈ پریوینشن کی ویب سائٹ کے مطابق اس وائرس کے اثرات ملک کی 47 ریاستوں میں دیکھے گئے ہیں جبکہ عوام سے اپیل کی جا رہی ہے کہ چھ ماہ سے زائد عمر کا ہر شخص اس وائرس سے بچاوٴ کی ویکسین استعمال کرے۔

ویب سائٹ کے مطابق اگر ابھی تک ویکسینیشن نہیں کی گئی، تو کوشش کی جائے کہ ایسا فورا و جائے۔ اس وائرس سے متاثر ہونے کے خطرے کے شکار یعنی ’ہائی رسک‘ افراد فوری طور پر یہ ویکسین حاصل کریں، جن میں بچے، حاملہ عورتیں، دمے اور ذیابیطس کے مریض اور 65 برس سے زائد عمر کے افراد شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :