لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بنچ میں توہین عدالت کیس کی سماعت، سیکرٹری صحت پنجاب کو 6فروری کو پیش ہونے کا حکم

منگل 15 جنوری 2013 21:14

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔15جنوری۔2013ء) لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بنچ بہاولپور کے جسٹس مسٹر شاہد وحید نے مسماة حامدہ بلقیس نرسنگ انسٹرکٹر،سکول آف نرسنگ بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور کی طرف سے دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے سیکرٹری صحت پنجاب عارف ندیم کو 6/فروری کو ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

(جاری ہے)

پٹیشنر حامدہ بلقیس نے عدالت عالیہ میں رٹ پٹیشن دائر کی تھی کہ سیکرٹری صحت کے پاس اس کے پروفارماپروموشن کا کیس1999ء سے زیر التواء ہے جس پر عدالت عالیہ نے 15/مئی2012ء کو سیکرٹری صحت پنجاب کو پٹیشنر کے کیس کا فیصلہ کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔سیکرٹری صحت کی طرف سے عدالت عالیہ کے حکم پر عمل درآمد نہ کرنے پر حامدہ بلقیس نے محمد آصف پیرزادہ ایڈووکیٹ کے ذریعے توہین عدالت کی درخواست دائر کی جس پر عدالت نے سماعت کرتے ہوئے سیکرٹری صحت پنجاب کو ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہونے کا حکم جاری کیا ہے۔