چیئرمین نیب نے مستعفی ہونے کی تردیدکردی،استعفیٰ دینے کاسوال ہی پیدانہیں ہوتا، رینٹل پاور کیس میں عدالتی فیصلے پر قانون کے مطابق عمل ہوگا،فصیح بخاری

منگل 15 جنوری 2013 22:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔15جنوری۔2013ء) قومی احتساب بیورو(نیب)کے چیئرمین ایڈمرل (ر) فصیح بخاری نے اپنے مستعفی ہونے سے متعلق میڈیارپورٹس سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا نہ دینے کا ارادہ ہے ، رینٹل پاور کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر قانون کے مطابق عمل کریں گے ۔ منگل کونجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فصیح بخاری نے کہا کہ استعفیٰ دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتامیں نے برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کی نہ استعفیٰ دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری مصروفیت کے باعث کراچی آیا ہوں ، جلد اسلام آباد واپس جاکر معمول کے مطابق ذمہ داریاں انجام دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ رینٹل پاور کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر قانون کے مطابق عمل کریں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وہ پہلے بھی سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی عدالتی حکم کی مکمل پابندی کی جائے گی۔

۔ واضح رہے کہ اس سے قبل برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں دعویٰ کیاگیاتھاکہ نیب کے چیئرمین ایڈمرل ریٹائرڈ فصیح بخاری نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے تاہم انہوں نے کہاہے کہ وہ اس فیصلے کی وجوہات نہیں بتاسکتے۔ فیصیح بخاری نے کہاہے کہ انہوں نے چارج چھوڑ دیا ہے اور آنے والے دو تین دن میں ان کی استعفے کی وجوہات سامنے آ جائیں گی۔