قانون ساز اسمبلی کی ذیلی کمیٹی کی طبی اداروں میں خالی اسامیاں پرکرنے کی ہدایت

جمعرات 17 جنوری 2013 14:31

جموں(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 17جنوری 2013ء) سکمز سرینگر اور ایس ایم جی ایس ہسپتال ( امراضِ اطفال) جموں میں مریضوں کی اموات میں ہورہے اضافے کی وجوہات کا جائیزہ لینے کے لئے قانون ساز اسمبلی کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی نے محکمہ صحت و طبی تعلیم سے کہا ہے کہ وہ ریاست میں سبھی طبی اداروں بشمول پرائمری ہیلتھ سینٹروں میں خالی پڑی ڈاکٹروں و نیم طبی عملی کی اسامیوں کو پْر کرنے کے لئے موثر قدم اْٹھائے۔

کمیٹی کی میٹنگ بلونت منکوٹیہ کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں محکمہ صحت و طبی تعلیم کے کام کاج کاجائیزہ لیا گیااور ایس ایم جی ایس ہسپتال( اطفال) جموں اور ڈسٹرکٹ ہسپتال بارہ مولہ میں نوزائد بچوں کی اموات کی وجوہات جاننے کے لئے سیر حاصل بحث کی گئی۔

(جاری ہے)

کمیٹی کے ممبران چوہدری ذولفقار علی، اشوک کمار، ڈاکٹر شفیع احمد وانی، چرنجیت سنگھ، درگا داس اور انجنئیرعبدالرشید نے ریاست میں طبی نظام کو مزید بہتر بنانے سے متعلق تجاویز پیش کیں۔

پینل نے ڈیپوٹیشن کوٹہ کے لئے جامہ پالیسی اپنانے کی ضرورت پر زور دیا اور متعلقین سے کہا کہ وہ اس سلسلے میں رولز میں ضروری ترمیم لائیں۔کمیٹی نے محکمہ صحت و طبی تعلیم کے حکام کو لگن و تندہی سے کام کرنے کی تلقین کی۔ممبران نے کہا کہ اس میں شک نہیں کہ ڈاکٹر صاحبان اپنے فرائض بہتر طور سے انجام دے رہے ہیں مگر انہیں چاہئے کہ وہ اپنے کام کاج میں مزید بہتری لائیں۔کمیٹی نے فیصلہ لیا کہ ڈاکٹر شفیع احمد وانی اور ممبران انجینئرعبدالرشید، ایڈوکیٹ عبدالحق اور پیر آفاق احمد کی سربراہی میں سب کمیٹی بارہ مولہ اور ہندواڑہ ہسپتالوں کا دورہ کرے گی تا کہ موقعہ پر ہی عوام کا رد عمل جانا جاسکے۔پینل نے کمیٹی کو23 جنوری سے پہلے رپورٹ پیش کرنے کو کہا۔

متعلقہ عنوان :