حکومتی واپوزیشن رہنماؤں پرمشتمل شوگرمافیانے بیرون ملک چینی برآمد پر عائد ساڑھے سات فیصد ڈیوٹی معاف کر الی، قومی خزانے کواربوں روپے کاٹیکہ لگادیا ‘ شوگر مل مالکان میں صدر زرداری اور ساتھی‘ شریف برادران‘ چوہدری برادران‘ گورنر پنجاب‘ جہانگیر ترین اور ہمایوں اختر نمایاں

جمعرات 17 جنوری 2013 15:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 17جنوری 2013ء) حکومتی واپوزیشن سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سرکردہ رہنماوٴں پرمشتمل شوگرمافیانے ملک میں چینی کی رواں سال وافر پیداوار کی آڑمیں بیرون ملک چینی برآمد کرنے کی آڑ میں برآمد پر عائد ساڑھے سات فیصد ڈیوٹی معاف کر ا کے قومی خزانے کواربوں روپے کاٹیکہ لگادیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس وقت ملک میں شوگر مافیا حکومتی اور اپوزیشن کے بڑے سیاستدانوں پر مشتمل ہے جن میں سندھ میں صدر آصف علی زرداری‘ سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا اور صدر زرداری کے کئی قریبی ساتھیوں کی ملیں ہیں ۔

پنجاب میں (ن) لیگ کے شریف برادران حکومتی اتحادی (ق) لیگ کے چوہدری برادران‘ گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود‘ تحریک انصاف کے جہانگیر ترین‘ مسلم لیگ ہم خیال کے ہمایوں اختر نمایاں ہیں ۔ ذرائع کے مطابق شوگر مافیا نے انتہائی خاموشی سے ای سی سی کے گزشتہ اجلاس میں چینی کی درآمد پر عائد ساڑھے سات فیصد ڈیوٹی معاف کرانے کی سمری منظور کرالی‘ ذرائع کے مطابق شوگر مافیا کو ساڑھے سات فیصد ڈیوٹی کی معافی سے قومی خزانے کو ٹیکس وصولی کی مد میں کئی ارب روپے کا نقصان ہوگا۔