لاہور‘ینگ ڈاکٹرز کی دوسرے روز بھی او پی ڈی میں ہڑتال ‘کیمپ لگا کر مریضوں کو چیک کیا،ڈاکٹرزکی تعداد کم ہونے کی وجہ سے مریضوں او رانکے عزیز واقارب کو شدید مشکلات کا سامنا

جمعرات 17 جنوری 2013 18:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔17جنوری۔2013ء) ینگ ڈاکٹرز نے مطالبات پور ے نہ ہونے پر سرکاری ہسپتالوں کے آ ؤٹ ڈورز میں دوسرے روز بھی ہڑتال کی اور آؤٹ ڈورز کے باہر کیمپ لگا کر مریضوں کو چیک کیا ‘ سینئرز ینگ ڈاکٹرزکی عدم موجودگی میں آؤٹ ڈرز میں خدمات سر انجام دیتے رہے تاہم تعداد کم ہونے کی وجہ سے مریضوں او رانکے عزیز واقارب کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ینگ ڈاکٹرز نے گوجرانوالہ میں ساتھی ڈاکٹروں پر تشدد کرنیوالوں کیخلاف مقدمہ کے اندراج نہ ہونے پر مسلسل دوسرے روز بھی آؤٹ ڈورز میں ہڑتال جاری رکھی اور آؤٹ ڈورز کے باہرکیمپ لگا کر مریضوں کو چیک کرتے رہے ۔ اس دوران سرکاری ہسپتالوں میں سینئرز ڈاکٹرز نے وارڈز میں بیٹھ کر مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کیں ۔ دوسری طرف انتظامیہ کی درخواست پر تمام سرکاری ہسپتالوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی ۔ ینگ ڈاکٹر ز ایسوسی ایشن کے ترجمان کے مطابق انتظامیہ اور پولیس نے چلڈرن ہسپتال کے باہر ینگ ڈاکٹر ز کا کیمپ ختم کر ا دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں لیکن حکومت اس میں رکاوٹیں ڈال رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :