وفاقی حکومت کا ہیپاٹائٹس ، ملیریا ، اندھے پن او رٹی بی سمیت دیگر بیماریوں کی روک تھام کیلئے جاری 11 پروگراموں میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ ، رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران صحت عامہ کے ان پروگراموں کیلئے ایک پیسہ بھی جاری نہ ہوا

جمعرات 17 جنوری 2013 21:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔17جنوری۔2013ء) وفاقی حکومت کی طرف سے ہیپاٹائٹس ، ملیریا ، اندھے پن او رٹی بی سمیت دیگر بیماریوں کی روک تھام کیلئے جاری 11 پروگراموں میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ ، رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران اب تک ان پروگراموں کیلئے ایک پیسہ بھی جاری نہیں کیا گیا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے بجٹ میں پلاننگ کمیشن کے تحت مجموعی طو رپر 35 منصوبوں کو شامل کیا تھا جن کے لئے 22 ارب 97 کرو 26 لاکھ 67 ہزار روپے کے ترقیاتی فنڈز منظور کئے تھے جن میں ایک ارب 97 کروڑ روپے غیر ملکی وسائل سے ملنے کا تخمینہ لگایا گیا تھا جکبہ 21 ارب 26 کروڑ 67 لاکھ روپے پلاننگ کمیشن نے ملکی وسائل نے جاری کرنے تھے تاہم پہلے 6 ماہ کے دوران 7 ارب 64 کروڑ 21 لاکھ 33 ہزار روپے جاری کر دئیے ہیں ۔

(جاری ہے)

مذکورہ 35 ترقیاتی منصوبوں میں سے 11 ترقیاتی منصوبے ایسے تھے جو مختلف بیماریوں کی روک تھام سے متعلق تھے۔ ان منصوبوں میں وزیر اعظم کے پروگرام برائے انسداد ہیپاٹائٹس ، اندھے پن کی روک تھام کے قومی پروگرام ، ایچ آئی وی ایڈز کی روک تھام ، نیشنل ٹی بی پروگرام ، رول بیک ملیریا کنٹرول پروگرام سمیت اربوں روپے کے پروگراموں کے لئے اب تک ایک پیسہ بھی جاری نہیں کیا جا سکا۔ جس کی وجہ سے یہ پروگرام بند پڑے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں ملیریا کی وباپھیلی ہوئی ہے جس سے درجنوں بچے لقمہ اجل بن چکے ہیں۔