پنجاب بھر میں ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال تیسرے روز میں داخل ،ڈاکٹروں نے آؤٹ ڈور کی بجائے ہسپتالوں کی پارکنگ میں مریضوں کا معائنہ، لاہور میں بارش سے کیمپ لگ نہ سکے، تمام سرکاری ہسپتالوں کے آوٹ ڈور کھلے رہے، پولیس کی بھاری نفری تعینات

جمعہ 18 جنوری 2013 18:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔18جنوری۔2013ء) پنجاب بھرمیں ینگ ڈاکٹروں نے جمعہ کو تیسرے روز بھی ہڑتال جاری رکھی، ڈاکٹروں نے آؤٹ ڈور کی بجائے پارکنگ شیڈ میں طبی کیمپ لگا کر مریضوں کو چیک کیاتاہم لاہور میں بارش کی وجہ سے کیمپ لگ نہ سکے۔دوسری طرف حکومت نے تمام سرکاری ہسپتالوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی ہے اور تمام ہسپتالوں کے آوٹ ڈور کھلے رہے۔

پنجاب بھر میں ینگ ڈاکٹروں نے اپنے مطالبات کے حق میں ہڑتال جاری رکھی۔

(جاری ہے)

ینگ ڈاکٹروں نے آؤٹ ڈور میں کام کرنے کی بجائے سروسز اسپتال کے پارکنگ شیڈ میں ٹیبل اور کرسیاں رکھ کر طبی کیمپ لگائے اورمریضوں کو چیک کیا۔تاہم شہر میں بارش کی وجہ سے کیمپ لگ نہ سکے۔ ملتان نشتر ہسپتال میں ینگ ڈاکٹروں نے احتجاجی کیمپ میں مریضوں کا علاج کیا۔ ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ جب تک ان کے مطالبات پورے نہیں ہوں گے وہ آؤٹ ڈور میں کام نہیں کریں گے۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آؤٹ ڈور میں معمول کے مطابق کام ہورہا ہے۔ محکمہ صحت نے اسپتال کے ایم ایس صاحبان کو ہدایت کی ہے کہ آؤٹ ڈورمیں کام نہ کرنیوالوں کوغیرحاضری کانوٹس دیاجائے۔