بروقت انتخابات کے انعقادکیلئے حکومت اوراپوزیشن کا ہم آواز ہونا جمہوریت کیلئے خوش آئند ہے،الیکشن کمیشن نے غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کروانے کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں،سیاسی کردار حاصل کرنے کیلئے انتخابات ہی واحد راستہ ہیں،کسی کو الیکشن پر شب خون مارنے کی اجازت نہیں دی جائیگی،وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات سید صمصام علی بخاری کی صحافیوں سے گفتگو

اتوار 20 جنوری 2013 13:49

اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔20جنوری۔2013ء) وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ بروقت انتخابات کے انعقادکیلئے حکومت اوراپوزیشن کا ہم آواز ہونا جمہوریت کیلئے خوش آئند ہے۔الیکشن کمیشن نے غیر جانبدارانہ اور شفاف انتخابات کروانے کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ سیاسی کردار حاصل کرنے کیلئے انتخابات ہی واحد راستہ ہیں۔

کسی کو بھی الیکشن پر شب خون مارنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔وہ اوکاڑہ پریس کلب کے صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔ سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو کی بے مثال قربانی اور صدر پاکستان آصف علی زرداری کی مفاہمتی سیاست نے جمہوریت اور جمہوری ادراروں کو ناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

غیر جمہوری قوتیں تو ویسے ہی کمزور ہوتی ہیں کیونکہ جمہوری معاشروں میں طاقت ور تو صرف عوام ہی ہو تے ہیں۔

اگر کسی غیر جمہوری قوت کو اپنے طاقت ور ہونے کا زعم ہے تو وہ اسے دل سے نکال دے۔ کیونکہ عوام ووٹ کے بنیادی حق پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دینگے۔ صمصام بخاری نے کہا کہ ملک میں آئین کے تحت نگران حکومت کے قیام کیلئے حکومت اور اپوزیشن کے مابین مشاورت کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ الیکشن کمیشن شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام تیاریاں مکمل کر چکاہے۔ انتخابات کا بر وقت ہونا نوشتہ دیوار ہے۔ پیپلز پارٹی نے اس ملک کے جمہوری سسٹم کو مضبوط کرنے اور عوامی مسائل کے حل کیلئے جو تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں ان کی بدولت پیپلز پارٹی اور اسکی اتحادی جماعتیں آئندہ انتخابات میں کامیاب ہونگی۔