موجودہ حکمران طبقہ ملک کے لئے سیکورٹی رسک ہے ، اس نے پاکستان اور پاکستانی عوام کو امریکہ، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے پاس گروی رکھ دیا ہے، کرپٹ حکمرانوں نے اپنے پانچ سالہ دورِ حکومت میں روٹی،کپڑا اور مکان کے کھوکھلے نعروں سے عوام کو بے وقوف بنا کر قومی خزانے کو کھربوں روپے کا نا تلافی نقصان پہنچایا ، غریب عوام کو ڈرون حملوں ،ہوشرباء مہنگائی ،لوڈشیڈنگ ،کرپشن ،بیروزگار،بد امنی،گولی،کفن اور قبر کے عظیم تحفوں سے نوازا،جمعیت علماء اسلام (ف) کے صوبائی رہماؤں مفتی اسلام نور خان ، قاری عبداللہ اور دیگر کا تربیتی کنونشن سے خطاب

اتوار 20 جنوری 2013 20:46

بنوں (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔20جنوری۔2013ء) صوبہ خیبر پختونخواہ جمعیت علماء اسلام (ف) کے صوبائی نائب امیران مفتی اسلام نور خان ،سابق سینٹر قاری عبداللہ اور جے یو آئی کے دیگر سرکردہ رہنماؤں سابق ممبر صوبائی اسمبلی قاری گل عظیم ، حاجی محمد نیاز خان،قبائلی سردار ڈاکٹر محمد نواز خان وزیر ،قاری محمد شعیب خان اور ملک صابر خان وزیر نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا موجودہ حکمران طبقہ ملک کے لئے سیکورٹی رسک کی حثیت رکھتا ہے۔

اس طبقے نے پاکستان اور اٹھارہ کروڑ پاکستانی عوام کو امریکہ، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ ملک دیوالیہ ہونے کے قریب ہے پیپلز پارٹی کے اس کرپٹ حکمران طبقے نے اپنے پانچ سالہ دورِ حکومت میں روٹی،کپڑا اور مکان کے کھوکھلے نعروں سے عوام کو بے وقوف بنا کر کھربوں روپے کے قومی خزانے کو نا تلافی نقصان پہنچاکر دیمک کی طرح ہڑپ کر کے اور ملکی معیشت کو مفلوج بنا کر غریب عوام کو ڈرون حملوں ،ہوشرباء مہنگائی ،لوڈشیڈنگ ،کرپشن ،بیروزگار،بد امنی،گولی،کفن اور قبر کے عظیم تحفوں سے نوازا۔

(جاری ہے)

وہ بنوں میں (مرغالی پیرباء خیل) کے مقام پر منعقدہ جے یو آئی ایک بڑے تربیتی کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جے یو آئی ملک میں اسلام کی سر بلندی ملکی بقاء و سلامتی اور عوام کے حقوق و مفادات کے تحفظ کی جنگ لڑ رہی ہے اور سابق وزراء اعظم ذوالفقار علی بھٹو( شہید) اور بے نظیر بھٹو( شہید) کی پیپلز پارٹی ان کی وفات کے ساتھ ہی دفن ہو چکی ہے۔

تبدیلی کی ہوا چل پڑی ہے عوام تبدیلی کے ساتھ ساتھ لٹیروں کا کڑا احتساب بھی چاہتے ہیں۔صوبہ خیبر پختونخواہ ، جنوبی اضلاع میں شہنشاہِ کرپشن انور سیف اللہ خان برادران ، بابائے کرپشن حادثاتی صوبائی وزیر ِ محنت شیر اعظم وزیر اور بادشاہِ کرپشن فخرِ اعظم وزیر در اصل علی بابا چالیس چوروں اور پیپلز پارٹی کو ہائی جیک کرنے والے ہائی جیکروں اور خانہ بدوشوں کا ٹولہ مسلط ہے بابائے کرپشن حادثاتی صوبائی وزیر محنت شیر اعظم وزیر اور بادشاہِ کرپشن فخر اعظم وزیرغریب عوام کو اس چراغ ِ الہٰ دین سے بھی اگاہ کریں۔

کہ کل تک بابائے کرپشن اور بادشاہِ کرپشن کا غریب مفلس اور مزارعہ خاندان جو علاقے کے زمینداروں کی فصلیں کاشت کرنے پر مامور اور پانچ مرلے کے کچے مکان میں کسمپرسی کی زندگی بسر کر رہا تھا کہ اچانک یہ غریب و مزارعہ خاندان محدود مدت میں راتوں رات کھرب پتی اور پشاور اسلام باد سمیت ملک کے دیگر علاقوں اور یورپ و متحدہ عرب امارات میں کھربوں روپے مالیت کے قیمتی و غیر قانونی اثاثوں ،پرتعیش بڑے بڑے ہوٹلوں ،پلازوں،کوٹھیوں، جائیداداوں اور قیمتی لگژری لینڈ کروزر گاڑیوں کا مالک کیسے بن گیا؟ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ماضی میں شہنشاہِ کرپشن انور سیف اللہ برادران اور علی بابا چالیس چوروں ، ہائی جیکروں اور خانہ بدوشوں کے اس ٹولے نے سابق صدرِ پاکستان غلام اسحاق خان (مرحو م) کی معاونت سے امریکی خوشنودی کے حصول کے لئے سابق وزراء اعظم ذوالفقار علی بھٹو ( شہید) ،بینظیربھٹو ( شہید) اور نوازشریف کی حکومتیں گرانے اور ختم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

کیونکہ محسنوں اور عوام سے دغہ بازی اور دھوکہ بازی کرنا شہنشاہِ کرپشن انور سیف اللہ بردران ،بابائے کرپشن شیر اعظم وزیر اوربادشاہِ کرپشن فخر اعظم وزیر کا وطیرہ ہے۔پیپلز پارٹی کے باشعور ورکرز بھٹو خاندان کے دشمنوں اور قاتلوں کی پہچان رکھتے ہوئے ہر جلسے میں علی بابا چالیس چوروں ،ہائی جیکروں اور خانہ بدوشوں کے اس ٹولے کا بوٹوں ،ڈنڈوں،گندے ٹماٹروں و انڈوں اور مرداباد کے نعروں سے ان کا فقید المثال استقبال کرتے ہیں۔

اس لئے پیپلز پارٹی کے ورکروں کے ساتھ ساتھ عوام بھی اس ٹولے کو اپنا لیڈر تسلیم نہیں کرتے انہوں نے خطاب کرتے ہوئے اخر میں کہا کہ انتخابات کی آمد پریہ ٹولہ دوبارہ غریب عوام کو سبز باغ اور سہانے سپنے دکھانے کا جھانسہ دینے اور اپنی یقینی شکست کے پیشِ نظر بوکھلاہٹ ،بدحواسی اور فاتر العقلی کا شکار ہو کر اخلاقیات سے بالکل عاری ہو چکا ہے۔ اس لئے عوام انتخابات کی تیاریاں شروع کریں ۔ انشاء اللہ آئندہ عام انتخابات میں کامیابی جے یو آئی کے قدم چومے گی۔ اور قوم ہمیشہ کیلئے کرپشن اور جھوٹ کی سیاست کو مسترد کر کے اس ٹولے کو عبرتناک شکست سے دو چار کر کے بھاگنے پر مجبور کر دینگے۔