لاہور،وزیراعلیٰ پنجاب کی بار بار ڈیڈلائن دینے کے نعرے لگانے والوں پر کڑی تنقید،وفاقی حکومت کی کرپشن اور بیڈ گورننس کو ڈینگی کی وبا سے تشبیہہ دی

بدھ 23 جنوری 2013 23:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔23جنوری۔2013ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے \"شکریہ شہبازشریف\"سیمینار کے دوران کسی کا نام لئے بغیران عناصر پر کڑی تنقید کی جو انقلاب اور تبدیلی کے نام نہاد نعرے لگاتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے اسلام آباد کے حکمرانوں کی کرپشن اور بیڈ گورننس کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ حسینیت اور یزیدیت کی مثالیں دے کر یا11بجے اور ایک گھنٹے کی بار بار ڈیڈ لائن کے نعرے لگا کر تبدیلی نہیں لائی جاسکتی بلکہ تاریخ کا دھارا موڑنے کے لئے محنت اور خلوص نیت سے دن رات عوام کی خدمت کرنا پڑتی ہے جس پر پورا ہال تالیوں سے گونج اٹھا۔

وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت کی کرپشن او ربیڈ گورننس کو ڈینگی جیسی وبا سے تشبیہہ دیتے ہوئے کہاکہ جس طرح ڈینگی کو ناکوں چنے چبوائے گئے ہیں اسی طرح کرپشن او ربیڈ گورننس کے خلاف جہاد کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سٹیج پر بیٹھے نوٹس بھی لیتے رہے۔انسداد ڈینگی مہم کے دوران شاندار کارکردگی دکھانے والی شخصیات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے وزیراعلیٰ نے خود بھی کھڑے ہوکر تالیاں بجائیں اورجس پر ہال میں بیٹھے شرکا نے بھی بھرپورتالیاں بجائیں۔سیمینار کے دوران انسداد ڈینگی کے حوالے سے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ وزیراعلیٰ نے دستاویزی فلم کو سراہا۔