وزیراعلی پنجاب کا احتجاجی کیمپ بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کے خلاف ،عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے تھا ،ینگ ڈاکٹرز قانون شکنی کرنے والے اپنے چند ساتھیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے کیمپ لگا رہے ہیں ،معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے محکمہ صحت خواجہ سلمان رفیق کا بیان

جمعرات 24 جنوری 2013 21:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔24جنوری۔2013ء) معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب برائے محکمہ صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ گزشتہ گرمیوں میں وزیر اعلی کا احتجاجی کیمپ ملک میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے تھا جبکہ ینگ ڈاکٹرز قانون شکنی کرنے والے اپنے چند ساتھیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر کے نہ صرف ہزاروں مریضوں کے حقوق کو پامال کر رہے ہیں بلکہ طب کے پیشہ کے تقدس کو بھی پامال کر رہے ہیں -جمعرات کو یہاں ایک بیان میں ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی جانب سے بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ینگ ڈاکٹرز ٹیچنگ ہسپتالوں کے آؤٹ ڈورز میں اپنے فرائض سرانجام دینے کے بجائے احتجاجی کیمپ لگا کر اپنے ایسے چند ساتھیوں کی حمایت کر رہے ہیں جنہوں نے اپنے سینئر ڈاکٹرز کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنا کر لا قانونیت کا مظاہرہ کیا -خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال گوجرانوالہ میں ہونے والا افسوسناک واقعہ پوری دنیا نے ٹی وی چینلز پر دیکھا جس میں نوجوان ڈاکٹروں نے میڈیا کے نمائندوں کو بھی نہ بخشا - اس واقعہ سے نہ صرف طب کے مقدس پیشے کی دنیا بھر میں بدنامی ہوئی بلکہ ملکی و قومی وقار کو بھی دھچکا لگا -خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ آؤٹ ڈور میں ڈیوٹی نہ دینے والے ڈاکٹرز غیر حاضر تصور ہونگے اور مریضوں کے علاج معالجے میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور اپنے فرائض سرانجام دینے والے ڈاکٹروں و دیگر عملہ کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے گی -جس کے لئے تمام ہسپتالوں کی انتظامیہ کو پہلے ہی ہدایات دی جا چکی ہیں اور ہر ہسپتال میں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے پولیس تعینات ہے - خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح مریضوں کو علاج معالجہ کی بلا رکاوٹ سہولیات فراہم کرنا ہے جسے ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا -