Live Updates

روز روز کے نت نئے تجربات سے ملک کی اصل شکل ”مسخ“ہو گئی ، اندرونی حالات ”بگڑے بخار“ کی طرح آخری سطح پر پہنچ چکے ،عمران خان اب عوام کے” منظور نظر “نہیں بلکہ خفیہ ہاتھوں کی” نظر“ ہو چکے،ملکی سیاست اب لفظ”کرپشن“میں محصور ہو کر رہ گئی ، ایم ایم اے ہی ہمارا اصل اتحاد ہے اسکے علاوہ کسی جماعت سے بھی انتخابی اتحاد کا کوئی آپشن نہیں، الیکشن کے بلاوجہ التواء کی سخت مزاحمت کی جائے گی، جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی رہنماء حافظ حسین احمدکی صحافیوں سے گفتگو

پیر 28 جنوری 2013 16:32

اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 28جنوری 2013ء) جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی رہنماء وملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ روز روز کے نت نئے تجربات سے ملک کی اصل شکل ”مسخ“ہو گئی ہے اور اندرونی حالات ”بگڑے بخار“ کی طرح آخری اسٹیج پر پہنچ چکے ہیں ۔عمران خان اب عوام کے” منظور نظر “نہیں بلکہ خفیہ ہاتھوں کی” نظر“ ہو چکے ہیں ۔

ملکی سیاست اب لفظ”کرپشن“میں محصور ہو کر رہ گئی ہے ملک کے کسی بھی حصہ میں حکومتی رٹ دکھائی نہ دینا”بھولے بادشاہ“حکمرانوں اور ان کے اتحادیوں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔ الیکشن سے قبل ابھی بہت سے ”سیاسی استاد“اپنے ”حادثاتی“شاگردوں اور” ڈنگ ٹپاؤ“ساتھیوں کے ہمراہ اپنی سیاسی وابستگیاں تبدیل کر کے خود کو عوام دوست ہونے کا ”ناٹک“کریں گے لیکن ان کی یہ ”نوٹنکی“کے بعد آئندہ انتخابات میں قوم ان کا بوریا بستر گول کر دے گی ۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ روز اوکاڑہ کے صحافیوں سے ٹیلی فونک بات چیت کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پانچ سالوں میں عوام سے کیے گئے وعدے ”زبانی جمع خرچ “کے سوا ء کچھ نہ تھے ۔اب پھر سے دوبارہ اقتدار میں انکے آنے کی سوچ ”دیوانے کے خواب“کی مانند ہے ۔انہوں نے کہا کے ایم ایم اے ہی ہمارا اصل اتحاد ہے اسکے علاوہ کسی جماعت سے بھی انتخابی اتحاد کا کوئی آپشن نہیں ہے تاہم تحصیل لیول پر اپنی سیٹیں محفوظ بنانے کے لیے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی تجویز زیر غور ہے دیگر کوئی بھی فیصلہ پارٹی مشاورت کے بعد ہی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کے حکمرانوں کی جانب سے الیکشن کے بلاوجہ التواء کو کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا اور سخت مزاحمت کی جائے گی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات