صوابی میں انسداد پولیو ٹیم پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار جاں بحق‘ شبقدر میں دھمکی آمیز ٹیلی فون ملنے پر اساتذہ نے پولیو ٹیموں میں ڈیوٹی دینے سے انکار کردیا

منگل 29 جنوری 2013 14:24

صوابی/شبقدر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 29جنوری 2013ء) صوابی میں انسداد پولیو ٹیم پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار جاں بحق‘ شبقدر میں دھمکی آمیز ٹیلی فون ملنے پر اساتذہ نے پولیو ٹیموں میں ڈیوٹی دینے سے انکار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز صوابی کے نواحی علاقے کالے قلعے میں انسداد پولیو ٹیم پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پولیو ٹیم کیلئے سیکورٹی پر مامور پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا جبکہ پولیس اہلکار کی ڈیڈ باڈی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر صوابی منتقل کردی گئی اور پولیس نے واقع کی تفتیش شروع کردی۔

دریں اثناء شبقدر میں اساتذہ کا پولیو مہم چلانے سے بائیکاٹ کا اعلان، اے سی شبقدر حضرت علی اور اے ڈی اونے متبادل 50 ٹیمیں تشکیل دیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سول ہسپتال شبقدر میں اے سی حضرت علی ، اے ڈی او ہیلتھ فضل اکبر اور ای ڈی او ایجوکیشن عطاء اللہ میناخیل کی موجودگی میں 74 سکولوں کے اساتذہ نے پولیو مہم چلانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دھمکیاں مل رہی ہیں کہ اگر پولیو مہم میں حصہ لیا تو جان سے ہاتھ دھو بیٹھوں گے۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اے سی حضرت علی ، فضل اکبر اور عطاء اللہ میناخیل نے کہا کہ اساتذہ کے بائیکاٹ سے کچھ فرق نہیں پڑتا کیونکہ ہم نے سوشل ورکر اور ہیلتھ ریفارمنٹ سے 50 ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں جبکہ 150 مزید ٹیمیں بھی دینگے ۔

متعلقہ عنوان :