ساہیوال، بچوں میں خسرہ کی بیماری پھیلنے کو روکنے کیلئے ہنگامی ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت،ہیلتھ سٹاف روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کرے، خسرہ کے مریض بچے کو فری علاج فراہم کیاجائے،ڈویژن میں اب تک خسرہ کے 125 مریض سامنے آئے،کمشنر ساہیوال ڈویژن بیرسٹر نبیل احمد اعوان کا جلاس سے خطاب

منگل 29 جنوری 2013 19:17

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔29جنوری۔ 2013ء) کمشنر ساہیوال ڈویژن بیرسٹر نبیل احمد اعوان نے بچوں میں خسرہ کی بیماری پھیلنے کو روکنے کیلئے ہنگامی ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کر دی ۔عوام کو بیماری سے متعلق آگاہ کرنے کیلئے بھرپور تشہیری مہم چلائی جائے ۔دیہات کی سطح تک تعینات ہیلتھ سٹاف روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کرے اور خسرہ کے مریض بچے کو فری علاج فراہم کیاجائے ۔

انہوں نے یہ ہدایات اپنے دفتر میں ہونیوالے ایک اجلاس میں دیں جس میں پنجاب میں خسرہ کی بیماری کو روکنے کیلئے اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا ۔اجلاس میں ڈی سی او ز ذوالفقار احمد گھمن ،سید گلزاراحمد شاہ اور سید حیدر اقبال ،ڈائریکٹر ڈیویلپمنٹ حبیب جیلانی وینس ، پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج ڈاکٹر افتخار احمد،اے سی جی رانا سلیم احمد اور محکمہ صحت کے ضلعی افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے عوام کو بیماری کی علامات اور اور علاج کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کیلئے غیر سرکاری اداروں ،معززین علاقہ اور صحافیوں کے تعاون سے بھر پور مہم چلانے کا حکم دیا تا کہ والدین کسی عام بیماری کو بھی خسرہ سمجھ کر پریشانی کا شکار نہ ہوں ۔انہوں نے کہا کہ جس محلے یا گاؤں میں خسرہ کا مریض بچہ پایا جائے اس علاقے کے تمام بچوں کو فوری حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں تا کہ بیماری کو پھیلنے سے روکا جا سکے ۔

کمشنر نے ڈی سی ا وز کو ہدایت کی کہ وہ ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کریں تا کہ عوام خسرہ کے مریضوں کے بارے میں فوری اطلاع دے سکیں اور مریض کا بر وقت علاج شروع ہو سکے ۔انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو روزانہ کی بنیاد پر ویکسینیٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس سلسلے میں لیڈی ہیلتھ ورکرز کو بھی ایکٹیویٹ کیا جائے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ساہیوال ڈویژن میں اب تک خسرہ کے 125 مریض سامنے آئے ہیں جن میں 14 ضلع ساہیوال 88 ضلع اوکاڑہ اور 23 ضلع پاکپتن میں ہیں اور ان تمام کے اردگرد کے علاقوں کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگا دیے گئے ہیں ۔

کمشنر نبیل احمد اعوان نے ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہسپتالوں میں خصوصی وارڈز بنانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ اس بیماری کی روک تھام کیلئے نجی ہسپتالوں ،پرائیویٹ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کا تعاون بھی حاصل کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :