ناکام حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ملک میں تعلیم سے زیادہ سیکورٹی پر اخراجات کئے جارہے ہیں ،تعلیم قوم کا دماغ ،ترقی اورخوشحالی کاراستہ ہے ،سازش کے تحت قوم کے نوجوانوں سے دماغ چھین کر کلاشنکوف دی جارہی ہے، جماعت اسلامی اقتدارمیں آکر قوم کو مفت تعلیم ،مفت صحت اور ہر گھر تک بجلی اورصاف پانی فراہم کریگی، کرپشن زدہ لوگوں کوکبھی معاف نہیں کریں گے،جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر وسابق سینئر وزیر خیبر پختونخواہ سراج الحق کاتقریب سے خطاب

منگل 29 جنوری 2013 20:57

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی این پی۔29جنوری۔ 2013ء) جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر وسابق سینئر وزیر خیبر پختونخواہ سراج الحق نے کہا کہ ناکام حکمرانوں کی نااہلی لوٹ مار کی وجہ سے ملک میں تعلیم کے بجائے سیکورٹی پر زیادہ خرچ کیاجارہا ہے ۔تعلیم قوم کا دماغ ،ترقی اورخوشحالی کاراستہ ہے ۔سازش کے تحت قوم کے نوجوانوں ونونہالوں سے دماغ چھین کر کلاشنکوف دے دیا جارہاہے جماعت اسلامی اقتدارمیں آکر قوم کو مفت تعلیم ،مفت صحت اور ہر گھر تک بجلی اورصاف پانی فراہم کریگی کرپشن زدہ لوگوں کوکبھی معاف نہیں کریں گے ان سے لوٹی ہوئی دولت برآمد کرکے قوم کی حالت بدلنے پر خر چ کریں گے ۔

قوم تعلیم ،تقویٰ ہی سے ترقی کرتی ہے علم تقویٰ او رعمل کے بغیر تعلیم بے فائد ہ ہیں۔

(جاری ہے)

غریب طلبہ کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے ان کی تعلیم وتربیت اسلامی جمعیت طلبہ کا وطیرہ بن گیا ہے ملک بھر کواسلامی جمعیت طلبہ کی اس خدمات کا کوئی متبادل نہیں طلبہ تنظیموں کو جمعیت کی اس خدمات کی تقلید کرنی چاہیے چاہیے تاکہ جہالت کے اندھیروں کے خلاف جدوجہد تیز ہوجائیں ۔

وہ منگل کو اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام بلوچستان کے غریب طلبہ کیلئے معمولی فیس پر دو ماہی ونٹر ایجوکیشن سینٹر کے دورے کے دوران تقریب اور بعدازاں طلبہ وذمہ داران سے گفتگو کررہے تھے ان کے ہمراہ جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر مولانا عبدالحق ہاشمی ، عبدالولی خان شاکر ،ڈاکٹر محمد شاہ کاکڑاورحاجی شین گل بڑیچ بھی تھے ۔جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے خطا ب میں کہا کہ غریب صوبے کے غریب طلبہ اوروالدین تعلیمی اخراجات برداشت نہیں کر سکتے اس قسم کے ونٹرایجوکیشن سے نہ صرف ان کے تعلیمی معیار بہتر ،امتحانات کی تیاری میں مدد بلکہ تربیت وسلیقہ اور تعلیم سے لگن بھی پید اہوجاتی ہے ۔

بلوچستان کے طلبہ ونوجوانو ں دینی وعصری تعلیم پر خصوصی توجہ دینی چاہیے تعلیمی معیار بہتر ہونے اور طلبہ کو بہترین سہولیات میسر آنے سے ہی صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا ۔ اس موقع پرکیمپ انچارج محمد آصف مینگل ،اسلامی جمعیت طلبہ کے رہنما سکندراعظم نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گوادر سے لیکر ژوب سے اس ونٹر ایجوکیشن میں ایک سوکے قریب طلبہ میٹر ک امتحان کی تیاری کر رہے ہیں طلبہ دوماہ یہی گزاررہے ہیں ایک چھت کے نیچے تعلیم، تربیت ،ٹیویشن ،خوراک ورہائش ودیگر جدید سہولیات فراہم کی گئی ہے تاکہ طلبہ یکسوہوکر تربیت وتعلیم کیساتھ امتحان کی بہترین تیاری بھی کرسکیں ۔

طلبہ سے دو ماہ کیلئے معمولی فیس لی جاتی ہے یہ خدمات گزشت کئی سالوں سے اسلامی جمعیت طلبہ موسم سرما کی چھٹیوں میں صوبہ بھر کے طلبہ کو کوئٹہ شہر میں یکجا کرکے کرتی ہیں ۔ اسلامی جمعیت طلبہ ان طلبہ کیلئے ماہر اساتذہ کو روزانہ کی بنیا د پر رکھ کر ٹیویشن کابہترین انتظام کر تی ہے اس ونٹر ایجوکیشن کیمپ کا مالی خسارہ بھی اسلامی جمعیت طلبہ ہی پوراکرتی ہے ۔ اسلامی جمعیت طلبہ قوم کوجہالت کے اندھیروں سے نکال کر روشنی ترقی اور خوشحالی کے سفرپر گامز ن کر رہی ہیں۔ جماعت سلامی کے مرکزی نائب امیرسراج الحق ،مولانا عبدالحق ہاشمی نے سخت سردی ،مشکل اور پریشانی میں صوبے کے نوجوانوں کی تعلیمی خدمات پر اسلامی جمعیت طلبہ کی کارکردگی وجدوجہد کو سراہتے ہوئے مبارکباد دی ۔