دیامر کے پہاڑوں پر ایک بار پھر برفباری،چوٹیاں مزید برف سے ڈھک گئیں، شدید ٹھنڈ سے جھیلیں اور چشمے بھی جم گئے،ہنزہ میں عطا آباد جھیل بھی برف کی موٹی تہہ میں تبدیل ،کشتی کے ذریعے سفر کرنیوالے اپنے علاقوں میں پھنس کر رہ گئے

بدھ 30 جنوری 2013 13:55

گلگت/ہنزہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی این پی۔ 30جنوری 2013ء ) گلگت بلتستان کے ضلع دیامر کے پہاڑوں پربدھ کو ایک بار پھر برفباری ہوئی جس سے چوٹیاں مزید برف سے ڈھک گئیں،دیگر اضلاع بدستور خشک سردی کی لپیٹ میں ہیں۔بالائی تفریحی مقامات پر سیاحوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔دیامر کے بالائی حصے میں واقعے بابوسر ٹاپ،بٹوگا ٹاپ اور نانگا پربت پر جمی برف پگھلنا بھی شروع نہ ہوئی تھی،برف پوش چوٹیاں مزید برف سے ڈھک گئیں۔

گلگت بلتستان کے دیگر اضلاع میں بادل چھائے اور یخ بستہ ہوائیں چل رہی ہیں۔

(جاری ہے)

شدید ٹھنڈ سے جھیلیں اور چشمے بھی جم گئے ہیں۔ہنزہ میں عطا آباد جھیل بھی برف کی موٹی تہہ میں تبدیل ہوگئی ہے۔جس سے کشتی کے ذریعے سفر کرنے والے یہاں کے عوام اپنے علاقوں میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔مالاکنڈ کا تفریحی مقام مالم جبہ سیاحوں کا مرکز بنا ہوا ہے۔خیبر پختونخوا کے دیگر مقامات پر بھی موسم صاف مگر سرد ہے۔قبائلی علاقے اورکزئی ایجنسی میں بھی ان دنوں ہرجانب برف ہی برف دکھائی دیتی ہے۔سندھ،بلوچستان اور پنجاب میں البتہ سردی میں کچھ کمی آئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

متعلقہ عنوان :